rss

مشترکہ تزویراتی تصور کا اعلامیہ برائے ریاستہائے متحدہ امریکہ اور سلطنت سعودی عرب

العربية العربية, Français Français, Português Português, Русский Русский, Español Español

 

برائے

ریاستہائے متحدہ امریکہ اور سلطنت سعودی عرب

ریاستہائے متحدہ امریکہ اور سلطنت سعودی عرب خود کو 21ویں صدی کے لیے اپنی تزویراتی شراکت داری مضبوط بنانے اور پرامن مشرق وسطیٰ کے لیے تجدید شدہ راہ متعین کرنے کے لیے وقف کرتے ہیں جہاں معاشی ترقی، تجارت اور سفارت کاری علاقائی و عالمگیر سرگرمیوں کی علامت ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک اپنی تزویراتی شراکت داری میں ایک نئے دور کا خیرمقدم کرتے ہیں جس کی بنیاد مستقل اعتماد اور مشترکہ مفادات پر ہو گی۔ مزید براں دونوں ممالک نے ایک مشترکہ تزویراتی مشاورتی گروپ کی تشکیل کا منصوبہ بنایا ہے جس کے میزبان ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر اور سعودی خادم الحرمین الشریفین یا ان کے موزوں نمائندے ہوں گے جو اس تزویراتی شراکت داری کے طریق کار کا تعین کریں گے۔ اس گروپ کا اجلاس سال میں کم از کم ایک مرتبہ دونوں میں کسی ایک ملک میں ہو گا اور اس میں باہمی  تعاون کے شعبہ جات کا جائزہ لیا جائے گا۔

دونوں عظیم ملک اپنی سلامتی سے متعلق مشترکہ مفادات کو لاحق خطرات سے نمٹنے کی ایک سی خواہش رکھتے ہیں۔ یوں ریاستہائے متحدہ امریکہ اور سلطنت سعودی عرب متشدد انتہاپسندانہ پیغام رسانی سے نمٹنے، دہشت گردی کی مالیات کے خاتمے اور دفاعی تعاون میں اضافے کے نئے اقدامات کا آغاز چاہتے ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے امن کو خطرات سے دوچار کرنے والے متشدد انتہاپسندوں کو علاقائی شراکت داروں کے مسلسل بڑھتی تعداد کا سامنا ہو گا جو ان کی جارحیت کا مقابلہ کرے گی ا ور امن کے بیج بوئے گی۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ اور سلطنت سعودی عرب کو امید ہے کہ امن کے لیے پرعزم ذمہ دار حکومتیں ان مقاصد کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے انہی کوششوں پر اپنی جدوجہد استوار کریں گی۔

ہمارے تعاون کے لیے علاقائی سلامتی کا مضبوط و مربوط ڈھانچہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ اور سلطنت سعودی عرب آنے والے برسوں میں خطے کے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلق کو وسعت دینے کے ساتھ تعاون کے نئے شعبہ جات کی نشاندہی چاہتے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں ریاستہائے متحدہ امریکہ اور سلطنت سعودی عرب میں اعتماد، تعاون اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعمیری شراکت داری ترتیب پائی ہے۔ اب ہم اپنے مشترکہ دشمنوں کے مقاصد ناکام بنانے، باہم رشتے کو مضبوط کرنے اور تمام ممالک کے لیے امن اور خوشحالی کی راہ متعین کرنے کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔

ریاض، 20 مئی 2017، 24 شعبان 1438

ڈونلڈ جے ٹرمپ                                                   خادم الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز السعود

صدر، ریاستہائے متحدہ امریکہ                               بادشاہ، سلطنت سعودی عرب

###

یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں