rss

وزیرخارجہ ٹلرسن کا دورہ سعودی عرب، قطر، پاکستان، انڈیا اور سوئزرلینڈ

Français Français, English English, العربية العربية, हिन्दी हिन्दी, Русский Русский, Español Español

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
برائے فوری اجرا
17 اکتوبر 2017

ترجمان دفتر خارجہ ہیدا نوئرٹ کا بیان

 
 

امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن 20 تا 27 اکتوبر ریاض، دوحہ، اسلام آباد، نئی دہلی اور جنیوا کا دورہ کریں گے۔ ریاض میں وزیرخارجہ سعودی عرب اور عراقی حکومت کے مابین رابطہ کونسل کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیرخارجہ متعدد سعودی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے اور اس دوران یمن میں جنگ، خلیجی تنازع، ایران اور متعدد دیگر اہم علاقائی و باہمی امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔

بعدازاں وزیرخارجہ ٹلرسن دوحہ جائیں گے جہاں وہ قطری رہنماؤں اور امریکی فوجی حکام سے ملیں گے۔ اس دوران انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کوششیں، خلیج میں جاری تنازع اور دیگر علاقائی و باہمی امور بشمول ایران اور عراق کا مسئلہ زیربحث آئے گا۔

وزیرخارجہ ٹلرسن دوحہ سے جنوبی ایشیا روانہ ہوں گے جو وزیرخارجہ کی حیثیت سے خطے میں ان کا پہلا دورہ ہو گا۔ اس دوران وہ خطے کے حوالے سے امریکی انتظامیہ کی جامع حکمت عملی کی توثیق کریں گے۔

وزیرخارجہ اسلام آباد میں اعلیٰ پاکستانی حکام سے مل کر ہمارے مضبوط باہمی تعاون، جنوبی ایشیا بارے ہماری حکمت عملی کی کامیابی میں پاکستان کے اہم کردار اور دونوں ممالک میں معاشی تعلقات کو وسعت دینے کی بابت تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیرخارجہ وزیراعظم عباسی سے ملاقات میں اس مثبت بات چیت کو آگے بڑھائیں گے جو انہوں نےکچھ عرصہ قبل نائب صدر کے ساتھ پاکستانی وزیراعظم سے کی تھی۔

نئی دہلی میں وزیرخارجہ اعلیٰ انڈین حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت کو مزید مضبوط بنانے اور بحرہندوالکاہل کے خطے میں سکیورٹی اور خوشحالی کے سلسلے میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہو گا۔ وزیرخارجہ کا دورہ انڈیا اس پرعزم ایجنڈے کو آگے بڑھائے گا جس کا آغاز جون میں وزیراعظم مودی کے دورہ وائٹ ہاؤس کے موقع پر ان کے اور صدر ٹرمپ کی جانب سے ہوا تھا۔

وزیرخارجہ جنیوا میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین، عالمی تنظیم برائے مہاجرت اور ریڈ کراس کی عالمی کمیٹی کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن میں متعدد حالیہ عالمی انسانی بحرانوں پر بات چیت ہو گی۔

وزیرخارجہ ٹلرسن کے دورے کو ٹویٹر پر @StateDept کے ذریعے فالو کیجیے اور دورے کے حوالے سے تازہ ترین تصاویر حاصل کرنے کے لیے دفتر خارجہ کے Flicker اکاؤنٹ پر جائیے۔ https://blogs.state.gov/engage پر رابطہ رکھیے اور https://www.state.gov/secretary/2017travel/index.htm پر وزیرخارجہ کے تمام دوروں کی بابت آگاہ رہیے۔

# # #


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں