rss

داعش کے خلاف عالمی اتحادکے چھوٹے گروپ کا اجلاس

English English, العربية العربية, Français Français, हिन्दी हिन्दी, Русский Русский, Español Español

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
برائے فوری اجرا
15 اکتوبر 2017

 
 
 

داعش کو شکست دینے کے لیے بنائے گئے عالمی اتحاد کے چھوٹے گروپ سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ سطحی سفارتی نمائندوں کا اجلاس آج اردن میں ہوا جس میں اس دہشت گرد تنظیم کو شکست دینے کی ہماری عالمگیر مہم کا جائزہ لیا گیا۔ عالمی اتحاد کے لیے صدر کے خصوصی نمائندے بریٹ مکگرک نے عراق اور شام میں پیش رفت پر تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2014 میں ہمارا اتحاد قائم ہونے سے اب تک داعش عراق اور شام میں 95 فیصد علاقے سے محروم ہو چکی ہے جو کبھی اس کے زیرتسلط تھا۔ 7.5 ملین سے زیادہ لوگوں کو داعش سے آزادی دلائی جا چکی ہے، 2.6 ملین بے گھر عراقی اپنے گھروں کو واپس آ چکے ہیں اور داعش اپنے کھوئے ہوئے علاقے میں ایک میٹر بھی واپس نہیں لے سکی۔ انہوں نے جنوری میں صدر ٹرمپ کے حکم پر شروع کی گئی اس تیزتر مہم کے حوالے سے بات کی اور انسانی امداد اور استحکام کے لیے معاونت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یہ سلسلہ جاری رہے اور داعش کی شکست دیرپا ہو۔

اتحاد کے ارکان نے امریکہ کے قائدانہ کردار کا شکریہ ادا کیا۔ یہ تاریخ میں اب تک سب سے بڑا اتحاد ہے جس میں نیٹو، عرب لیگ، یورپی یونین اور انٹرپول سمیت 74 ارکان ہیں۔ انہوں نے عراق اور شام میں ہمارے شریک کاروں کی مدد کے لیے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا اور آزاد کرائے گئے علاقوں میں استحکام لانے کے لیے کڑی محنت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ تشدد کے نتیجے میں بے گھر ہونے والوں کی محفوظ اور رضاکارانہ واپسی ممکن ہو سکے۔ آج کی ملاقاتوں میں شام میں فوری بحالی کے لیے عطیہ دہندگان کے کنسورشیم کا افتتاحی اجلاس بھی شامل ہے۔ یہ کنسورشیم جولائی میں واشنگٹن میں ہونے والے اتحاد کے اجلاس میں قائم کیا گیا تھا جس میں اتحاد کے پرعزم ترین رکن ممالک شامل ہیں اور اس کا مقصد رقہ شہر میں انتہائی ضروری خدمات کی فراہمی ممکن بنانا ہے۔

خصوصی نمائندے مکگرک نے اس حوالے سے دیگر کوششوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے بتایا کہ شام میں غیرملکی دہشت گرد جنگجوؤں کا داخلہ پہلے ہی بند ہو چکا ہے اور سرحد پار ایسے جنگجوؤں کا تیزی سے پتا چلا کر انہیں منتشر کیا جا رہا ہے۔ اتحاد نے 43 ہزار ناموں پر مشتمل انٹرپول کے ڈیٹا بیس کی تیاری میں بھی مدد دی تاکہ تمام شراکت داروں کو معمول کے ٹریفک سٹاپس پر یا عالمی سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والے ان جنگجوؤں کو پکڑنے میں مدد دی جا سکے۔ داعش کی مالیات اب کمترین سطح پر پہنچ چکی ہیں اور اس پر دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اتحاد داعش کے پیغام سے کل وقتی طور پر نمٹ رہا ہے اور اس سلسلے میں پیغاماتی مراکز کا نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن کی بدولت دہشت گردوں کے پروپیگنڈے کو سامنے لانے، اسے جھٹلانے اور اس کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔

ہم زمین پر اور سائبر سپیس میں داعش کے خلاف بیک وقت دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ہم باہمی تعاون اور سرحدی تحفظ، فضائی سلامتی، قانون کے نفاذ، مالیاتی پابندیوں، پیغامات سے نمٹنے کے عمل اور انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بہتر بنا رہے ہیں تاکہ داعش کو اپنی سرزمین پر حملوں سے روکا جا سکے۔ اتحاد کے ارکان نے قریبی تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا جس کے نتیجے میں داعش کے غیرملکی جنگجوؤں، پیغامات اور مالیاتی نیٹ ورک کو بڑی حد تک کمزور کر دیا گیا ہے۔

داعش کے پاس اس کا دارالحکومت نہیں رہا اور اس کی نام نہاد خلافت بکھر رہی ہے۔ یہ لوگ چھپنے کے لیے بھاگ رہے ہیں اور ہم یہ امر یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ انہیں لیبیا سے فلپائن اور افغانستان تک کہیں بھی محفوظ پناہ نہیں ملنی چاہیے۔ یہ جنگ کئی نسلوں تک جاری رہے گی جس کے لیے عالمی تعاون جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

آج ہونے والی گفت و شنید میں گزشتہ ہفتے برسلز میں اتحاد کے وزرائے دفاع کی ملاقات میں زیربحث آنے والے امور کو آگے بڑھایا گیا اور آئندہ برس کے اوائل میں وزرائے خارجہ کا اجلاس طے پایا۔ آج کی بات چیت ارکان کے اس مشترکہ عزم کے ساتھ ختم ہوئی کہ داعش کو مکمل شکست دینے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ امریکہ اور تمام ارکان نے اس اجلاس کی میزبانی پر اردن اور مہم کے ابتدائی دنوں سے قائدانہ کردار ادا کرنے پر فضلیت مآب شاہ عبداللہ دوم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اتحاد نے اب تک ہونے والے جانی نقصان بشمول 2015 میں اردن کے بہادر کیپٹن قساسبیح کی قربانی کا اعتراف بھی کیا۔ ان کی یاد اس ہدف کی تکمیل کے لیے ہمارے غیرمتزلزل عزم و ارادے کو باہم متحد کرتی ہے۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں