rss

امریکی مفادات کی ترویج کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قومی سلامتی کی حکمت عملی کا اعلان

Indonesian Indonesian, English English, العربية العربية, Français Français, हिन्दी हिन्दी, Português Português, Русский Русский, Español Español

وائٹ ہاؤس
دفتر برائے ترجمان
حقائق نامہ

‘ہماری حکومت کا پہلا فرض اپنے لوگوں، اپنے شہریوں کی ضروریات کی تکمیل، ان کی سلامتی یقینی بنانا، ان کے حقوق کا تحفظ اور ان کی اقدار کا دفاع ہے’ صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ

نئے دور کے لیے قومی سلامتی کی نئی حکمت عملی: صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک سال سے بھی کم عرصہ میں قومی سلامتی کی ایک نئی حکمت عملی سامنے لا رہے ہیں جو امریکہ کے لیے ایک ایسی مثبت تزویراتی سمت کا تعین کرتی ہے جس سے دنیا میں امریکی تفوق کی بحالی اور ہمارے ملکی طاقت کے استحکام میں مدد ملے گی۔

قومی سلامتی کی حکمت عملی 2017 کی بنیاد بیرون ملک امریکی تعظیم اور اندرون ملک نئے امریکی اعتماد کی بحالی کے لیے 11 ماہ میں اٹھائے جانے والے صدارتی اقدامات پر رکھی گئی ہے۔ تزویراتی اعتماد امریکہ کو اپنے اہم قومی مفادات کے تحفظ کی اہلیت بخشتا ہے۔ اس حکمت عملی میں چار اہم قومی مفادات یا ‘چار ستونوں’ کی نشاندہی کی گئی ہے جو یوں ہیں:

(الف) اپنی سرزمین، امریکی عوام ور امریکی طرز زندگی کی حفاظت

(ب) امریکی خوشحالی کا فروغ

(ج) اپنی قوت کے ذریعے امن کا تحفظ

(د) امریکی اثرورسوخ کی ترویج

یہ حکمت عملی دنیا میں ہمارے مقام کو متاثر کرنے والے اہم مسائل اور رحجانات سے نمٹنے میں بھی مدد دیتی ہے جن میں درج ذیل عناصر شامل ہیں:

o انحرافی قوتیں جیسا کہ چین اور روس جو ٹیکنالوجی، پروپیگنڈے اور دست درازی کے ذریعے دنیا کو اس انداز میں تبدیل کرنا چاہتی ہیں جو ہمارے مفادات اور اقدار سے متضاد ہے۔

o علاقائی آمر جو دہشت پھیلاتے ہیں، اپنے ہمسایوں کو خوفزدہ کرتے اور وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے حصول کے خواہاں ہیں۔

o جہادی دہشت گرد جو فاسق نظریے کے نام پر معصوم لوگوں کے خلاف تشدد کے لیے نفرت کو ہوا دیتے ہیں اور بین الاقوامی جرائم پیشہ تنظیمیں جو ہمارے معاشروں میں منشیات اور تشدد پھیلاتی ہیں۔

یہ حکمت عملی صدر کی اصولی حقیقت پسندی کا اظہار کرتی اور اسے فروغ دیتی ہے۔

o یہ ایک حقیقت پسندانہ حکمت عملی ہے کیونکہ اس میں عالمی سیاست میں طاقت کے مرکزی کردار کو تسلیم کیا گیا ہے، یہ اس امر کی توثیق کرتی ہے کہ طاقتور اور خودمختار ریاستیں پرامن دنیا کی بہترین امید ہیں اور یہ واضح طور پر ہمارے قومی مفادات کا تعین کرتی ہے۔

o یہ حکمت عملی اصولی ہے کیونکہ اس کی بنیاد امریکی اصولوں کی ترویج پر ہے جو دنیا بھر میں امن اور خوشحالی کے ضامن ہیں۔

(الف) سرزمین کا تحفظ: امریکی عوام، سرزمین اور امریکی طرز زندگی کا تحفظ صدر ٹرمپ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ہم اپنی سرحدوں کا کنٹرول مضبوط بنائیں گے اور امریکی سرزمین کے تحفظ نیز اپنی خودمختاری کی بحالی کے لیے اپنے امیگریشن نظام میں اصلاحات کریں گے۔

امریکی سرزمین کو لاحق سب سے بڑے بین الاقوامی خطرات درج ذیل ہیں:

o وحشیانہ طور سے قتل و غارت، جبر اور غلامی سے کام لینے والے جہادی دہشت گرد اور کمزور لوگوں کے استحصال اور ان سے اپنے منصوبوں کی تکمیل کا کام لینے والے مجازی نیٹ ورکس۔

o بین الاقوامی جرائم پیشہ تنظیمیں جو منشیات اور تشدد کے ذریعے ہمارے معاشروں میں دراڑیں ڈال رہی ہیں اور جمہوری اداروں میں بدعنوانی کے ذریعے ہمارے اتحادیوں اور شراکت کاروں کو کمزور کیے دیتی ہیں۔

امریکہ ان خطرات کو وہاں نشانہ بنائے گا جہاں سے ان کا آغاز ہوتا ہے: ہم خطرات کو اپنے سرحدوں تک پہنچنے اور اپنے لوگوں کو نشانہ بنانے سے پہلے ہی جا لیں گے۔

ہم اپنی اہم تنصیبات اور ڈیجیٹل نیٹ ورکس کی حفاظت کے لیے اپنی کوششیں دگنا کریں گے کیونکہ نئی ٹیکنالوجی اور نئے دشمن نئی کمزوریاں پیدا کرتے ہیں۔

ہم میزائل حملوں کے خلاف امریکہ کی حفاظت کے لیے تہہ دار دفاعی میزائل نظام نصب کر رہے ہیں۔

(ب) امریکی خوشحالی کا فروغ: مضبوط معیشت امریکی عوام کا تحفظ، ہمارے طرز زندگی میں معاونت کرتی اور امریکی طاقت کو استحکام بخشتی ہے۔

ہم امریکی کارکنوں اور اداروں کے مفاد میں امریکی معیشت کو ازسرنو مضبوط بنائیں گے جو کہ ہماری قومی طاقت کی بحالی کے لیے ضروری ہے۔

امریکہ دیرینہ تجارتی خلاف ورزیوں کو مزید برداشت نہیں کرے گا اور آزادانہ، شفاف اور دوطرفہ معاشی تعلقات قائم کرے گا۔

اکیسویں صدی کی جغرافیائی سیاسی مسابقت میں کامیابی کے لیے امریکہ کو تحقیق، ٹیکنالوجی اور ایجاد و اختراع میں آگے ہونا چاہیے۔ ہم ایسے عناصر سے اپنی قومی سلامتی کی اختراعی بنیاد کا تحفظ کریں گے جو ہماری ایجادات کو چراتے اور آزاد معاشروں کی اختراع سے ناجائز طور پر فائدہ اٹھاتے ہیں۔

امریکہ عالمی منڈیوں کو کھلا رکھنے، تنوع کے فوائد اور توانائی تک رسائی سے معاشی و قومی مفادات کے فروغ کی خاطر توانائی کے شعبے میں اپنی بالادستی سے کام لے گا۔

(ج) طاقت کے ذریعے امن کا تحفظ: طاقت ور، تجدید شدہ اور ازسرنو آراستہ امریکہ امن کا ضامن اور دشمنوں کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہو گا۔

ہم امریکہ کو دفاعی اعتبار سے پہلے درجے پر رکھنے کے لیے ملک کی عسکری طاقت کو ازسرنو استوار کریں گے۔

تزویراتی مسابقت کے نئے دور میں امریکہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے سفارتی، اطلاعاتی، عسکری اور معاشی سمیت تمام ریاستی ذرائع سے کام لے گا۔

امریکہ خلائی اور سائبر ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبہ جات میں میں اپنی صلاحیتوں کو مضبوب بنائے گا اور ان اہلیتوں کو بحال کرے گا جنہیں اب تک نظرانداز کیا گیا ہے۔

امریکہ کے اتحادی اور شراکت کار اس کی طاقت کا وسیع تر اظہار ہیں اور ہمارے مشترکہ مفادات کے تحفظ میں معاون ہیں۔ ہم ان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے بھرپور ذمہ داری کا ثبوت دیں گے۔

ہم یہ امر یقینی بنائیں گے کہ ہندو الکاہل، یورپ اور مشرق وسطیٰ جیسے دنیا کے اہم خطوں میں طاقت کا توازن امریکہ کے حق میں رہے۔

(د) امریکی اثرورسوخ کا فروغ: تاریخ میں اچھائی کی طاقت کے طور پر امریکہ اپنے مفادات کے فروغ اور انسانیت کی بہتری کے لیے اپنے اثرورسوخ سے کام لے گا۔

ہمیں امریکی عوام کے تحفظ اور اپنی خوشحالی کے فروغ کے لیے سمندرپار اپنا اثرورسوخ بڑھانا ہو گا۔

دوطرفی، کثیرطرفی اور اطلاعاتی قلمرو سمیت تمام حوالوں سے ہمارے مفادات کے تحفظ، امریکیوں کے لیے نئے معاشی مواقع کے حصول اور اپنے حریفوں کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ کی سفارتی و ترقیاتی کوششیں بہتر نتائج کے حصول کے لیے استعمال ہوں گی۔

امریکہ آزاد منڈی کی معیشتوں، نجی شعبے کی ترقی، سیاسی استحکام اور امن کے فروغ کی خاطر ہم خیال ریاستوں سے شراکتیں چاہے گا۔

ہم اپنی اقدار بشمول قانون کی حکمرانی اور انفرادی حقوق کے لیے جدوجہد کرتے ہیں جن سے مضبوط، مستحکم، خوشحال اور خودمختار ریاستوں کو فروغ ملتا ہے۔

ہماری ‘پہلے امریکہ’ کی خارجہ پالیسی سے دنیا بھر میں امریکہ کو مثبت قوت کے طور پر رسوخ حاصل ہوا ہے جس سے امن، خوشحالی اور کامیاب معاشروں کی ترقی کے لیے حالات سازگار بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں