rss

دفتر خارجہ کی جانب سے سدھارتھا دھر اور عبدالطیف گینی کی بطور دہشت گرد نامزدگی میڈیا بیان

English English, العربية العربية, हिन्दी हिन्दी

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
برائے فوری اجرا
23 جنوری 2018

 
 

دفتر خارجہ نے داعش کے دو ارکان سدھارتھا دھر اور عبدالطیف گینی کو انتظامی حکم (ای او) 13224 کے سیکشن 1 (بی) کے تحت خصوصی طور پر نامزد کردہ عالمی دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔ انتظامی حکم 13224 دہشت گردی کے ایسے افعال میں ملوث یا ممکنہ طور پر ایسے افعال انجام دینے والوں کے خلاف پابندیاں عائد کرتا ہے جن سے امریکی شہریوں کے تحفظ، قومی سلامتی، خارجہ پالیسی یا معیشت کو خطرات لاحق ہوں۔ ان نامزدگیوں کا مقصد دھر اور گینی کو ایسے وسائل تک رسائی سے روکنا ہے جن کے ذریعے وہ مزید دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد کر سکتے ہوں۔ ان نامزدگیوں کے دیگر اثرات کے علاوہ امریکی دائرہ کار میں دھر اور گینی کے تمام اثاثے اور جائیداد میں مفادات پر پابندی لگا دی گئی ہے اور عمومی طور پر امریکی شہریوں کو ان کے ساتھ کسی بھی قسم کے لین دین سے روک دیا گیا ہے۔

سدھارتھا دھر کالعدم دہشت گرد تنظیم المہاجرون کا اہم رکن تھا۔ 2014 کے اواخر میں دھر نے داعش میں شمولیت کے لیے شام جانے کی غرض سے برطانیہ چھوڑا۔ اسے ‘جہادی جان’ کے نام سے معروف داعش کے جلاد محمد ایموازی کا متبادل سمجھا جاتا ہے۔ دھر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ نقاب اوڑھے داعش کا وہی رہنما ہے جو جنوری 2016 میں ایسے متعدد قیدیوں کو قتل کرنے کی ویڈیو میں سامنے آیا تھا جن پر برطانیہ کے لیے جاسوسی کا الزام تھا۔

عبدالطیف گینی مراکش نژاد بیلجین شہری ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں داعش کے لیے لڑ رہا ہے۔ گینی کے برطانیہ میں مقیم داعش کے ہمدردوں محمد علی احمد اور حمزہ علی سے روابط ہیں جنہیں 2016 میں دہشت گردی کے جرم میں سزا ہو چکی ہے۔

آج کے اس اقدام سے امریکی عوام اور عالمی برادری کو یہ پیغام جاتا ہے کہ دھر اور گینی دہشت گردی کے افعال کے مرتکب ہیں یا ان سے ایسے افعال کا نمایاں خطرہ ہے۔ ایسی نامزدگیوں کے نتیجے میں دہشت گرد تنظیموں اور افراد کو تنہا کرنے اور ان کی امریکی مالیاتی نظام تک رسائی روکنے میں مدد ملتی ہے۔ مزید براں ان نامزدگیوں سے امریکی اداروں اور دوسری حکومتوں کی نفاذ قانون سے متعلق سرگرمیوں میں معاونت بھی ہوتی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے نامزد کردہ غیرملکی دہشت گرد تنظیموں اور خصوصی طور پر نامزد کردہ عالمی دہشت گردوں کی فہرست یہاں دستیاب ہے۔
https://www.state.gov/j/ct/rls/other/des/index.htm


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں