rss

خواتین کا سالانہ عالمی دن وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن کا بیان

Português Português, English English, العربية العربية, Français Français, हिन्दी हिन्दी, Русский Русский, Español Español

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
برائے فوری اجرا
8 مارچ 2018

 
 

8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر امریکہ اندرون و بیرون ملک مردوخواتین میں عدم مساوات پر قابو پانے کے لیے اپنے پختہ عزم کی تجدید اور عالمی سطح پر خواتین اور لڑکیوں کی حالت میں بہتری لانے کی اہمیت کی توثیق کرتا ہے۔ ہم ایسی پالیسیوں اور پروگرامز کے ذریعے خواتین اور لڑکیوں کے معاشی اختیار کو مضبوط بنانے کے طریقہ ہائے کار پر عملدرآمد جاری رکھیں گے جن سے کاروباری نظامت کے فروغ کے ساتھ ساتھ مالیات، عمدہ کام، تربیت اور سیکھنے کے مواقع تک برابر رسائی کو وسعت ملے۔ ہم ایسی خواتین کی کامیابیوں کی بنیاد پر آگے بڑھیں گے جنہوں نے دفاع، قیام امن اور اچھی حکمرانی کے میدان میں مزید مساوات کے لیے راہ ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ ان شعبہ جات میں حاصل شدہ فوائد کو مستحکم بنانے کے لیے کام کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مزید لڑکیاں اپنی پوری صلاحیتوں سے کام لینے کے قابل ہوں اور ان کے محفوظ، صحت مند اور بے خطر ماحول میں رہنے کی ضمانت مل سکے۔ اسی لیے ہم لڑکیوں کو وہ تعلیم اور آزادی حاصل کرنے کے قابل بنانے کے مواقع تخلیق کر رہے ہیں جن کا حصول ان کا حق ہے۔

امریکہ یہ امر یقینی بنانے کے لیے دنیا بھر میں حکومتوں اور اپنے شراکت کاروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے کہ تمام ممالک خواتین کو ترقی پانے اور اپنے حقوق کا احساس کرنے کے قابل بنائیں۔ 21ویں صدی میں اس بات کا کوئی جواز نہیں کہ ہر تین میں سے ایک عورت کو زندگی میں کسی نہ کسی طرح کے جسمانی یا جنسی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بہت سے معاشروں میں تاحال خواتین اپنے انسانی حقوق سے محروم ہیں، انہیں جنسی بنیاد پر تفریق کا نشانہ بننا پڑتا ہے اور معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ان کی اہلیت کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں یا ان کی حفاظت کے لیے بنائے گئے قوانین پر عملدرآمد نہیں ہو پاتا۔ ایسے حالات میں افراد، خاندان اور معاشرے ان فوائد سے محروم رہ جاتے ہیں جو بااختیار عورت مہیا کر سکتی ہے۔ امریکہ کی قومی سلامتی کی حکمت عملی میں کہا گیا ہے کہ جو حکومتیں عورتوں سے مساوی سلوک میں ناکام رہتی ہیں ان کے معاشرے اپنی پوری صلاحیتوں سے کام نہیں لے پاتے۔

خواتین کے عالمی دن کے جذبے کے تحت ہم ایسی عورتوں کی قیادت، کردار اور ہمت کا اعتراف کرتے ہیں جنہوں نے دنیا کو مزید محفوظ، خوشحال اور پرامن جگہ بنانے کے لیے ماضی میں کئی نسلوں تک قربانیاں دیں۔ ہم ایسی پیش رفت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں