rss

امریکی انتظامیہ میں تبدیلیوں پر صدر ٹرمپ، مائیک پومپیو اور جینا ہیسپل کے بیانات

English English, العربية العربية, हिन्दी हिन्दी

وائٹ ہاؤس
دفتر سیکرٹری اطلاعات

 
 

سیکرٹری اطلاعات سارا سینڈرز کی جانب سے جاری کردہ

صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کا بیان

‘مجھے سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو کو نیا وزیرخارجہ نامزد کرتے ہوئے فخر ہے۔ مائیک نے ویسٹ پوائنٹ میں امتیازی حیثیت میں گریجوایشن مکمل کی، امریکی فوج میں نمایاں خدمات انجام دیں اور ہاورڈ لا سکول سے اعزاز کے ساتھ گریجوایشن کی۔ بعدازاں انہوں نے امریکی ایوان نمائندگان میں خدمات انجام دیں جہاں انہوں نے دونوں جماعتوں میں خود کو منوایا۔

سی آئی اے کے ڈائریکٹر کی حیثیت میں مائیک نے اطلاعات کے حصول کا عمل مضبوط بنایا، دفاعی و جارحانہ اہلیتوں میں جدت لائے اور انٹیلی جنس کے عالمگیر حلقوں میں ہمارے دوستوں اور اتحادیوں کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کر کے دونوں جماعتوں کے ارکان سے تعریف و توصیف سمیٹی۔ میں گزشتہ 14 ماہ میں مائیک سے اچھی طرح متعارف ہو چکا ہوں اور مجھے اعتماد ہے کہ وہ اس اہم وقت میں اس کام کے لیے موزوں شخص ہیں۔ وہ دنیا میں امریکی مقام بحال کرنے، ہمارے اتحادوں کو مضبوط بنانے، ہمارے دشمنوں کا مقابلہ کرنے اور جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے پروگرام جاری رکھیں گے۔ فوج، کانگریس اور سی آئی اے کے رہنما کی حیثیت سے ان کے تجربے نے انہیں ان کے نئے کردار کے لیے تیار کر دیا ہے اور میں ان کی فوری توثیق پر زور دیتا ہوں۔

سی آئی اے کی ڈپٹی ڈائریکٹر جینا ہیسپل کو ڈائریکٹر پومپیو کے متبادل کے طور پر نامزد کیا جائے گا اور وہ سی آئی اے کی پہلی خاتون ڈائریکٹر ہوں گی جو کہ ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ مائیکل اور جینا نے ایک سال سے زیادہ عرصہ تک اکٹھے کام کیا ہے اور ان میں باہمی احترام کا بہترین رشتہ ہے۔

آخر میں مجھے ریکس ٹلرسن کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرنا ہے۔ انہوں نے گزشتہ چودہ ماہ میں زبردست کام کیا اور میں ان کے اور ان کے اہلخانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں’

ڈائریکٹر مائیک پومپیو کا بیان

میں صدر ٹرمپ کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر کے طور پر کام کی اجازت دی اور پھر وزیرخارجہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا۔ ان کی قیادت نے امریکہ کو محفوظ تر بنا دیا ہے اور میں امریکی خوشحالی کے فروغ کی خاطر دنیا میں ان کی اور امریکی عوام کی نمائندگی کرنے کا منتظر ہوں۔

میرا سی آئی اے میں کام کرنے والے مردوخواتین سے زیادہ سرگرم اور باصلاحیت لوگوں سے واسطہ نہیں پڑا اور ان کے ساتھ کام کرنا میری زندگی کے زبرست اعزازات میں ایک ہے۔ مجھے امریکہ کی جانب سے کیے گئے اپنے کام پر فخر ہے اور میں جانتا ہوں کہ ادارہ جینا ہیسپل کی سرکردگی میں ترقی کرتا رہے گا۔

اپنی تقرری کی توثیق کی صورت میں مجھے صدر کی خارجہ پالیسی ترتیب دینے اور اس پر عملدرآمد کے لیے دنیا کے بہترین سفارتی عملے کی رہنمائی کا انتظار رہے گا۔ سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر کے طور پر کئی مرتبہ میں نے خارجہ ملازمت کے متعدد نمایاں افسروں اور امریکہ میں خدمات انجام دینے والے دفتر خارجہ کے رہنماؤں کے ساتھ کام کیا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ مجھے ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا اور میں یہ امر یقینی بنانے کے لیے کڑی محنت کروں گا کہ ‘ہمارا ملک ہمیشہ محفوظ، مضبوط، پرفخر، طاقتور اور آزاد رہے گا’ جیسا کہ صدر ٹرمپ نے اپنے سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں ذکر کیاتھا۔

سی آئی اے کی ڈپٹی ڈائریکٹر جینا ہیسپل کا بیان

سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کی افسر کے طور پر 30 برس تک کام کرنے کے بعد گزشتہ برس مائیک پومپیو کے ساتھ ان کی ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنا میرے لیے اعزاز رہا۔ میں صدر ٹرمپ کی مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے یہ موقع دیا اور سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کی آئندہ ڈائریکٹر کے طور پر نامزدگی کے لیے انہوں نے مجھ پر جو اعتماد کیا اس پر میں انکساری کا اظہار کرتی ہوں۔ اگر میری تقرری کی توثیق کی گئی تو میں صدر ٹرمپ کو انٹیلی جنس کے حوالے سے نمایاں معاونت فراہم کرنے کی متمنی ہوں جس کی انہیں اس عہدے پر ایک سال گزارنے کے بعد توقع ہے۔

****
وقت کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ عہدیدار کا بیان:

صدر یہ امر یقینی بنانے کے خواہاں ہیں کہ شمالی کوریا کے ساتھ آئندہ بات چیت اور متعدد تجارتی مذاکرات سے پہلے ان کی نئی ٹیم جگہ سنبھال چکی ہو۔

****


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں