rss

شام میں داعش کو شکست دینے کے لیے جاری کارروائی کی معاونت وزیرخارجہ پومپئو کا بیان

English English, العربية العربية, Français Français, हिन्दी हिन्दी, Português Português, Español Español, Русский Русский

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
برائے فوری اجرا
5 جون 2018

 

ہم اتوار کو شامی جمہوری فورسز کی جانب سے داشیشہ میں داعش کے خلاف کارروائیوں کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ داشیشہ شمال مشرقی شام میں داعش کا بدنام گڑھ ہے جہاں سے یہ کئی سال سے شامی اور عراقی عوام کو دہشت کا نشانہ بناتی چلی آئی ہے۔ ان حملوں کی منصوبہ بندی میں کئی ماہ صرف ہوئے جس میں سرحد پار عراقی فورسز سے بھی رابطہ قائم کیا گیا تاکہ داعش کے دہشت گرد فرار نہ ہو سکیں۔ دفتر خارجہ کو محکمہ دفاع کے اپنے ساتھیوں اور اتحادی شراکت کاروں کے ساتھ منصوبہ بندی کے اس عمل میں سفارتی معاونت مہیا کرنے پر فخر ہے۔

دفتر خارجہ داعش کے خاتمے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ ہم یہ امر یقینی بنانے میں مدد دیں گے کہ عراقی حکومت کو داعش اور دہشت گردی کے دیگر خطرات کے خلاف اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے درکار مدد میسر ہو جو کہ عراق کے ساتھ ہمارے ‘سٹریٹیجک فریم ورک ایگریمنٹ’ سے مطابقت رکھتی ہے۔ ہم یہ بات بھی یقینی بنائیں گے کہ شمال مشرقی شام کے تمام متنوع لوگوں بشمول عربوں، کردوں، عیسائیوں اور ترکمانوں کو سلامتی کونسل کی قرارداد 2254 میں طے شدہ سیاسی عمل کے مطابق شام کے مستقبل کے تعین میں کردار ادا کرنے کا موقع ملے۔

آنے والے دنوں میں جنگ انتہائی مشکل ہو گی۔ ہمیں اپنی شراکت دار شامی جمہوری فورسز پر بھرپور اعتماد ہے اور ہمیں شام کو داعش سے چھٹکارا دلانے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے اور تمام شامیوں کے لیے بہتر مستقبل کی تعمیر میں مدد دینے پر فخر ہے۔ صدر ٹرمپ کو اندازہ ہے کہ داعش کو مکمل شکست دینے کے لیے ابھی بہت سا کام باقی ہے اور وہ اس کی واپسی روکنے کے حالات ترتیب دیتے ہوئے یہ کام ہرممکن حد تک جلد مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس حوالے سے ہم اتحادی ارکان، اپنے علاقائی شراکت داروں اور اتحادیوں سے کہتے ہیں کہ وہ داعش سے خالی کرائے گئے علاقوں میں استحکام لانے کی کوششوں میں ہمارا ہاتھ بٹائیں تاکہ عسکری میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیاں برقرار رکھی جا سکیں۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں