rss

امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ اور شمالی کوریا کے چیئرمین کم جانگ ان کا سنگاپور میں ملاقات کے موقع پر مشترکہ اعلامیہ

Facebooktwittergoogle_plusmail
English English, العربية العربية, Français Français, Português Português, Русский Русский, Español Español, हिन्दी हिन्दी

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان

 
 

امریکہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ اور شمالی کوریا کے کمیشن برائے ریاستی امور کے چیئرمین کم جانگ ان نے 12 جون 2018 کو سنگاپور میں پہلی تاریخی ملاقات کی۔

صدر ٹرمپ اور چیئرمین کم جانگ ان میں امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین نئے تعلقات کے قیام اور جزیرہ نما کوریا میں پائیدار اور مضبوط امن سے متعلق امور پر جامع، مفصل اور مخلصانہ تبادلہ خیال ہوا۔ صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کو سلامتی کی ضمانت دینے کا وعدہ کیا اور چیئرمین کم جانگ  ان نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری اسلحے سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے اپنے مضبوط اور غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیا۔

صدر ٹرمپ اور چیئرمین کم کی ملاقات میں یہ یقین پایا گیا کہ امریکہ اور شمالی کوریا میں نئے تعلقات جزیرہ نما کوریا اور پوری دنیا میں امن اور خوشحالی کا باعث ہوں گے اور اس امر کا اعتراف کیا گیا کہ باہم اعتماد کو فروغ دینے سے جزیرہ نما کوریا کو جوہری اسلحے سے پاک کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سلسلے میں دونوں رہنما ؤں نے قرار دیا ہے  کہ:

  • امریکہ اور شمالی کوریا امن اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے عوام کی خواہش کے مطابق نئے تعلقات قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
  • امریکہ اور شمالی کوریا جزیرہ نما کوریا کے لیے پائیدار اور مستحکم امن کی خاطر مشترکہ کوششیں کریں گے۔
  • 27 اپریل 2018 کے پنمنجوم اعلامیے کی توثیق کرتے ہوئے شمالی کوریا جزیرہ نما کوریا کو جوہری اسلحے سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے کام کرے گا۔
  • امریکہ اور شمالی کوریا پی او ڈبلیو/ ایم آئی اے کی باقیات کی بازیافت بشمول پہلے سے شناخت شدہ لاشوں کی فوری واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔

ہمیں اس امر کا اعتراف ہے کہ تاریخ میں امریکہ اور شمالی کوریا کے رہنماؤں کی یہ پہلی ملاقات دونوں ممالک کے مابین کئی دہائیوں سے جاری تنازعات اور دشمنیوں پر قابو پانے کے لیے نہایت اہم تاریخ ساز موقع ہے اور اس سے نئے مستقبل کی راہیں کھلیں گی۔ اسی حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے صدر ٹرمپ اور چیئرمین کم جانگ ان اس مشترکہ اعلامیے کی شرائط پر پوری طرح اور فوری طور سے عمل کرنے کا عہد کرتے ہیں۔ امریکہ اور شمالی کوریا بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں جس کی قیادت امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپئو اور شمالی کوریا کے متعلقہ اعلیٰ سطحی عہدیدار کریں گے۔ اس سلسلے کا آغاز ہرممکن حد تک جلدی ہو گا جس کا مقصد امریکہ اور شمالی کوریا کے رہنماؤں کی ملاقات کے نتائج پر عملدرآمد کرنا ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ اور شمالی کوریا کے کمیشن برائے ریاستی امور کے چیئرمین کم جانگ ان امریکہ اور شمالی کوریا کے نئے تعلقات اور جزیرہ نما کوریا و دنیا بھر میں امن، خوشحالی اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے تعاون کی غرض سے پر عزم ہیں۔

ڈونلڈ جے ٹرمپ
صدر ریاستہائے متحدہ امریکہ
کم جانگ ان

چیئرمین کمیشن برائے ریاستی امور شمالی کوریا
12 جون 2018
جزیرہ سنٹوسا، سنگاپور


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں