rss

مذہبی آزادی کے فروغ پر وزارتی اجلاس

English English, العربية العربية, Français Français, Русский Русский, हिन्दी हिन्दी, Português Português, Español Español

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان

 
 

برما کی صورتحال پر بیان

عالمی برادری کے نمائندوں کی حیثیت سے مشترکہ طور پر ہم برما میں مذہبی آزادی پر پابندیوں بشمول اقلیتی نسلی و مذہبی گروہوں کے حقوق محدود کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس صورتحال کے ذمہ داروں کا احتساب کریں اور تمام لوگوں کے مساوی حقوق ممکن بنائیں۔ مسلمانوں، عیسائیوں اور ہندوؤں سمیت متعدد برمی مذہبی اقلیتوں کو اپنے اعتقادات کی بنا پر امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔

ہمارے لیے شمالی راخائن ریاست میں روہنگیا کی نسلی صفائی بے حد ہولناک ہے جہاں برمی سکیورٹی فورسز اور دوسرے عناصر ایسے خوفناک اور وحشیانہ تشدد میں ملوث ہیں جس کے نتیجے میں 7 لاکھ سے زیادہ روہنگیا جان بچا کر بنگلہ دیش آنے پر مجبور ہوئے ہیں اور بہت سے دوسرے برما میں ہی بے گھر ہو چکے ہیں۔ حکومت کی کی جانب سے راخائن میں بقیہ روہنگیا افراد کی شہریت تک رسائی اور نقل و حرکت کی آزادی محدود کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ ہمیں کاچن اور شان ریاستوں میں فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق بہت سی اطلاعات پر بھی گہری تشویش ہے۔ ایسے واقعات کے نتیجے میں نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے مزید ایک لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ دوسرے خطوں میں نسلی اقلیتی برادریوں نے اطلاع دی ہے کہ حکام نے مذہبی افعال اور سفر پر ناجائز پابندیاں لگائیں، مذہبی املاک اور دستاویزات کو تباہ کیا، مذہبی عمارات کی تعمیر اور تزئین کی اجازت دینے سے انکار کیا یا اس میں ناکام رہے اور سرکاری نوکریوں کے معاملے میں امتیازی سلوک برتا۔

ہم برمی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ ملک میں تمام لوگوں کی مذہبی آزادی کا تحفظ کریں، اس کی خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کا احتساب کریں، تمام ضرورت مندوں کو بلاروک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی ممکن بنائیں اور قانون کے تحت تمام لوگوں کا مساوی تحفظ یقینی بنائیں۔ ہم برمی حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ راخائن ریاست میں ایسے حالات پیدا کریں کہ بے گھروں کی اپنے علاقوں میں رضاکارانہ، محفوظ اور باوقار واپسی ممکن ہو سکے۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں