rss

وزیر خارجہ پومپئو کی پاکستان میں ملاقاتیں

English English, हिन्दी हिन्दी

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
برائے فوری اجرا
5 ستمبر 2018

 

دفتر خارجہ کی ترجمان ہیدا نوئرٹ کے مطابق:

وزیر خارجہ مائیکل آر پومپئو نے آج اسلام آباد میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور دیگر سویلین و عسکری قیادت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفرڈ جونیئر ان کے ساتھ تھے۔ وزیرخارجہ نے وزیراعظم کو حکومت بنانے پر مبارک باد دی اور سویلین اداروں کی مزید مضبوطی کا خیرمقدم کیا۔ وزیر خارجہ پومپئو نے امریکہ پاکستان تعلقات کی اہمیت اور باہمی مفادات جیسا کہ دو طرفہ تجارت اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے جیسے مشترکہ مفادات پر روشنی ڈالی۔

وزیر خارجہ پومپئو نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات میں مشترکہ ترجیحات بشمول علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے امریکہ اور پاکستان کے اکٹھے کام کرنے کے امکان پر بات چیت کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر مضبوط تعلقات کی اہمیت پر زور بھی دیا جو دہائیوں پر مشتمل ثقافتی و تعلیمی تبادلے پر استوار ہیں۔

وزیر خارجہ پومپئو نے پاکستانی چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر باجوہ کے ساتھ ملاقات میں نئی سویلین حکومت کو اقتدار کی ہموار منتقلی کا خیرمقدم کیا اور مضبوط جمہوری اداروں کی اہمیت نمایاں کی۔ وزیر خارجہ پومپئو نے دونوں ممالک کے مابین انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں تعلقات مضبوط بنانے کی امید پر زور بھی دیا۔

اپنی تمام ملاقاتوں میں وزیر خارجہ نے افغان امن مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کے کردار کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کو علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرے کا باعث دہشت گردوں اور جنگجوؤں کے خلاف پائیدار اور فیصلہ کن اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں