rss

”دنیا میں منشیات کے مسئلے پر کارروائی کے لیے عالمگیر پکار” پر اجلاس سے صدر ٹرمپ کا خطاب

Français Français, English English, العربية العربية, Español Español, हिन्दी हिन्दी, Português Português

وائٹ ہاؤس
دفتر سیکرٹری اطلاعات
برائے فوری اجرا
24 ستمبر 2018
ہیڈکوارٹر اقوام متحدہ
نیویارک
8:35 صبح

 

صدر: آج یہاں آنے پر آپ سبھی کا شکریہ۔ ایک ایسے مسئلے پر آپ سے خطاب میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے جس سے کرہ ارض کا ہر ملک متاثر ہو رہا ہے۔ یہ دنیا بھر میں پھیلا منشیات کا مسئلہ ہے اور یہ ایک بڑا مسئلہ ہے۔

منشیات کی لت امریکہ اور دنیا بھر کے ممالک میں بہت سی جانیں لے رہی ہے۔ آج ہم مل کر منشیات کی وبا کے خلاف لڑنے کا عہد کرتے ہیں۔

میں اقوام متحدہ میں انسداد منشیات کی کوششوں میں غیرمعمولی قائدانہ کردار پر سفیر ہیلی کا تہہ دل سے مشکور ہوں، اس کے ساتھ ساتھ میں اپنے زبردست وزیر خارجہ مائیک پومپئو کو بھی سراہتا ہوں جنہوں نے بہت شاندار کام کیا اور میں سفیر جان بولٹن کا بھی شکرگزار ہوں۔ آپ کا بے حد شکریہ۔

میں اپنے خصوصی مہمان کی حیثیت سے آمد پر سیکرٹری جنرل کا بھی مشکور ہوں۔ وہ بہت زبردست دوست بن چکے ہیں اور بہت پیچیدہ مگر خوبصورت صورتحال میں حیران کن کام کر رہے ہیں۔ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں بے پایاں صلاحیت پائی جاتی ہے اور اس صلاحیت سے کام لیا جا رہا ہے۔ اگرچہ اس کی رفتار کم ہے مگر یقینی طور پر یہ صلاحیت کام آ رہی ہے۔

ہم اپنے 31 معاون میزبان ممالک کے بھی مشکور ہیں ۔ آپ میں سے ہر ایک منشیات کے عالمگیر مسئلے سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات اٹھا رہا ہے۔

جیسا کہ منشیات سے متعلق 2018 کی عالمگیر رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کوکین اور افیون کی پیداوار ریکارڈ بلندیوں تک پہنچ چکی ہے۔ یہ ناقابل یقین صورتحال ہے اور 2000 سے 2015 کے درمیانی عرصہ میں منشیات کے استعمال سے دنیا بھر میں ہونے والی اموات میں 60 فیصد اضافہ ہوا۔ 15 سال میں یہ 60 فیصد تک پہنچ گئیں جو کہ واقعتاً خوفناک بات ہے۔

جیسا کہ ہم جانتے ہیں غیرقانونی منشیات کا منظم جرائم، غیرقانونی مالیاتی بہاؤ، بدعنوانی اور دہشت گردی سے گہرا تعلق ہے۔ صحت عامہ اور قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ ہم منشیات کی لت کے خلاف جدوجہد کریں اور منشیات کے بیوپار اور سمگلنگ کی تمام اقسام کو روکیں جن سے موذی بین الاقوامی گروہوں کو مالی مدد ملتی ہے۔

امریکہ میں ہم اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے جارحانہ اقدامات کر رہے ہیں، اپنی سرحدوں کو محفوظ بنا رہے ہیں، نفاذقانون میں معاونت فراہم کر رہے ہیں، افیون سے متعلق بحران پر قابو پانے کے لیے ریکارڈ تعداد میں مالی وسائل مختصر کر رہے ہیں اور منشیات سے متاثرہ لوگوں کے علاج اور بحالی کو فروغ دینے میں مصروف ہیں۔

آج یہاں موجود بہت سے ممالک بھی اس ضمن میں دلیرانہ اقدامات کر رہے ہیں۔ کولمبیا کے نومنتخب صدر ڈوک نے منشیات کے خلاف پلیٹ فارم پر مہم چلائی اور نہایت متاثرکن فتح پائی۔ مبارک باد۔

ہم ان کے ملک میں کوکا کی پیداوار ختم کرنے کے لیے ان کی نئی انتظامیہ کے ساتھ شراکت کے منتظر ہیں۔ ہم سب کو منشیات کی پیداوار کے خاتمے اور منشیات کی لت کو شکست دینے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

اسی لیے گزشتہ ماہ امریکہ نے ”دنیا میں منشیات کے مسئلے پر کارروائی کے لیے عالمگیر پکار” کا اعلان کیا تھا۔ یہ پکار بالکل سادہ ہے کہ منشیات کی طلب کو محدود کیا جائے، غیرقانونی منشیات کی ترسیل روکی جائے، علاج کو وسعت دی جائے اور عالمگیر تعاون مضبوط بنایا جائے۔ اگر ہم مل کر یہ اقدامات اٹھائیں تو دنیا کے ہر کونے میں بے شمار لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ جب میں بے شمار کہتا ہوں تو اس سے میری مراد کروڑہا لوگ ہوتی ہے۔

مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی کہ آج اس کمرے میں موجود ہر ملک ہماری پکار کا جواب دینے پر رضامند ہے اور میں اس اہم اقدام کے لیے عہد کرنے پر آپ میں ہر ایک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

ہمارے معاشروں کو مضبوط بنانے، ہمارے خاندانوں کے تحفظ اور ہم سب کے بچوں کو منشیات سے پاک مستقبل دینے کے لیے امریکہ آپ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔

آپ کا بے حد شکریہ۔ یہاں آنے کا بے حد شکریہ۔ ہم اس کی قدر کرتے ہیں۔ شکریہ (تالیاں)

اختتام

8:39 صبح


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں