rss

عالمی یوم خواتین 2019 پر صدر کا پیغام

English English, العربية العربية, Español Español, Français Français, हिन्दी हिन्दी, Русский Русский, Português Português

وائٹ ہاؤس
دفتر برائے سیکرٹری اطلاعات
برائے فوری اجرا
8 مارچ 2019

 

خواتین کے عالمی دن پر ہم دنیا بھر کی خواتین کو اپنے  معاشروں، خاندانوں، حکومتوں اور کاروباروں کی صورت گری اور انہیں تقویت  دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہمیں ان کی بصیرت، قیادت اور ہمت پر خوشی ہے اور ہم ہر جگہ خواتین کے لیے مساوی مواقع کے فروغ کے لیے اپنے عزم کی ازسرنو توثیق کرتے ہیں۔

امریکہ اور دنیا بھر میں غیرمعمولی خواتین قائدین کی کوششوں کی بدولت ہم نے سبھی کے لیے مساوات اور انصاف کی جنگ میں بہت بڑی پیش رفت کی ہے۔ میری انتظامیہ نے کاروبار، ٹیکنالوجی اور سرمایے تک رسائی میں اضافے کے ذریعے عالمی سطح پر خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی غرض سے اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان اقدامات میں خواتین کاروباری منتظمین کے لیے مالیاتی اقدام، خواتین کاروباری منتظمین اور رہنماؤں کی ترقی کے لیے کینیڈا اور امریکہ کی کونسل، سمندرپار نجی سرمایہ کاری کے ادارے کا خواتین کے لیے 2X اقدام اور امریکی ادارہ برائے عالمی ترقی کا ‘ویمن کنیکٹ چیلنج’ شامل ہیں۔

اس برس میں نے عالمگیر سطح پر خواتین کی ترقی اور خوشحالی کا اقدام (ڈبلیو-جی ڈی پی) شروع کرنے کے لیے قومی سلامتی کی صدارتی یادداشت پر دستخط کیے۔ ڈبلیو-جی ڈی پی اقدام ترقی پذیر ممالک میں 2015 تک کم از کم 50 ملین خواتین کو اپنی مقامی معیشتوں میں مکمل اور آزادانہ شرکت میں مدد دینے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ یہ  تاریخی اقدام عالمگیر سطح پر خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے وفاقی حکومت کا پہلا مربوط طریق کار اور خواتین کی معاونت کے لیے ایک بہت بڑا اقدام ہے۔ ڈبلیو-جی ڈی پی نجی شعبے، سول سوسائٹی، سفارتی برادری اور کانگریس کے لوگوں کے ساتھ اپنی کوششیں مربوط کر رہا ہے تاکہ افرادی قوت کی ترقی اور صلاحیتوں کی تربیت کو فروغ دیا جائے، سرمائے تک رسائی بہتر بنائی جائے اور ایسی اصلاحات پر عملدرآمد کیا جائے جن سے معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت ممکن ہو سکے۔ افرادی قوت میں خواتین کی کسی امتیاز اور ناانصافی کے بغیر شرکت کے نتیجے میں محفوظ، مضبوط اور آزاد اقوام تشکیل پاتی ہیں۔

میری حکومت دنیا بھر میں خواتین کی مدد کے ساتھ ساتھ امریکہ میں بھی خواتین کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ محصولات میں کٹوتی اور نوکریوں کے قانون کے ذریعے میری حکومت بچوں کا ٹیکس کریڈٹ دگنا کر کے نیز بچوں اور وابستگان کی نگہداشت کے لیے سرمایہ محفوظ کر کے والدین کو آسانی مہیا کر رہی ہے۔ ہماری معاشی حکمت عملی کی بدولت امریکی خواتین میں بیروزگاری کی شرح گزشتہ 65 برس کی کمترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور نومبر 2016 کے مقابلے میں آج 2 ملین سے زیادہ مزید خواتین کام کر رہی ہیں۔

خواتین کا عالمی دن مناتے ہوئے ہمیں اندازہ ہے کہ جب خواتین معاشی اعتبار سے بااختیار ہوتی ہیں تو وہ اپنے اہلخانہ اور معاشرے پر مزید سرمایہ کاری کی اہل ہوتی ہیں۔ اس سے ایک ضربی اثر جنم لیتا ہے جو اقتصادی ترقی کو مہمیز دیتا اور عالمی استحکام میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ ہم مساوات اور مواقع کی تلاش میں بدستور چوکس  ہیں تاکہ تمام خواتین نئی راہیں ڈھونڈ سکیں، اپنے خوابوں کی تکمیل کریں اور اپنی پوری صلاحیت سے کام لینے کے قابل ہو سکیں۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں