rss

امریکہ انڈیا 2+2 وزارتی ڈائیلاگ 2019 کے اہم نکات

हिन्दी हिन्दी, English English

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
برائے فوری اجرا
18 دسمبر 2019

 

وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو اور وزیر دفاع مارک ٹی ایسپر نے مشترکہ طور پر آج دفتر خارجہ واشنگٹن ڈی سی میں دوسرے  امریکہ انڈیا 2+2 وزارتی ڈائیلاگ کے لیے انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر برائے خارجہ امور ڈاکٹر ایس جے شنکر کی میزبانی کی۔ اس موقع پر دونوں فریقین نے امریکہ اور انڈیا میں بڑھتی ہوئی تزویراتی شراکت کی ازسرنو توثیق کی۔ اس شراکت کی بنیاد جمہوری اقدار، مشترکہ تزویراتی مقاصد، مضبوط عوامی تعلقات اور اپنے شہریوں کی خوشحالی کے لیے مشترکہ عزم پر ہے۔

ملاقات میں وزیر خارجہ پومپیو اور ان کے ہم منصبوں نے بحرہند و الکاہل کے خطے کو تمام ممالک کے لیے آزاد، کھلا اور جامع بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عہد کی ازسرنو توثیق کی۔ اس موقع پر فریقین میں علاقائی و عالمی خطرات سے نمٹنے، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے،  آفات میں مدد کے لیے رابطہ کاری، قیام امن کے لیے اہلکاروں کی تربیت، شفاف اور پائیدار بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سمندری سلامتی کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق پایا گیا۔ دونوں وفود نے عوامی سطح پر تعلقات میں مزید مضبوطی لانے بشمول ارکان پارلیمان اور نوجوان اختراع کاروں کے باہم تبادلے کے نئے پروگرام، عدالتی شعبے میں مزید تعاون، یونیورسٹی کی سطح پر تحقیقی شراکتوں میں وسعت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک نئے دوطرفہ معاہدے کے لیے نئے اقدامات کا خیرمقدم بھی کیا۔ مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے دونوں فریقین نے پانی کے انتظام، سمندروں اور خلائی شعبہ جات میں تعاون کی نئی کوششوں کا عہد کیا۔

وزیر اور ان کے ہم منصبوں نے 21ویں صدی میں دفاعی شراکت کو وسعت دینے  کے طریقوں پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ انہوں نے امریکہ اور انڈیا کی افواج میں بے مثل تعاون کا خیرمقدم کیا جو کہ پہلی سہ فریقی ”ٹائیگر ٹرائمف” جیسی فوجی مشق، بڑی سطح پر معلومات کے تبادلے، دفاعی تجارت میں وسعت، رابطہ افسروں کی تعیناتی اور دفاعی تعاون کے لیے اتفاق رائے کے معاہدوں بشمول دونوں ممالک کے نجی شعبہ جات میں دفاعی تعاون کے فروغ کے حالیہ معاہدے کی بدولت ممکن ہوا ہے۔ امریکہ اور انڈیا میں قریبی دفاعی شراکت 17 دسمبر کو وزیر سنگھ کے دورہ نارفوک ورجینیا میں میں بھرپور طور سے دیکھنے کو ملی۔ اس دوران انہوں نے نارفوک کے بحری اڈے اور اوشیانا کے بحری فضائی اڈے پر ایک ایئرکرافٹ کیریئر کے گشت میں شرکت کی اور لڑاکا جہاز کی صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھا۔

وزیر سنگھ اور جے شنکر نے امریکہ کو آئندہ 2+2 وزارتی ڈائیلاگ انڈیا میں منعقد کرانے کی پیشکش کی۔ دونوں فریقین میں آئندہ اجلاس اور پہلے سے جاری بہت سی سرگرمیوں اور اقدامات پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق پایا گیا۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں