rss

صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کا امریکی کانگریس سے سٹیٹ آف دی یونین خطاب

हिन्दी हिन्दी, English English, العربية العربية, Français Français, Português Português, Русский Русский, Español Español, 中文 (中国) 中文 (中国)

وائٹ ہاؤس
پریس سیکرٹری کا دفتر
واشنگٹن ڈی سی
4 فروری 2020

 

صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کا امریکی کانگریس سے سٹیٹ آف دی یونین خطاب

 [خارجہ پالیسی سے متعلق اقتباسات]

*          *          *          *

میں نے امریکی عوام سے جو بڑے بڑے وعدے کیے تھے اُن میں سے ایک وعدہ تباہ کن ‘نیفٹا’ تجارتی معاہدے کی جگہ ایک نیا معاہدہ لانے کا وعدہ تھا۔ درحقیقت غیرمنصفانہ تجارت میرے صدارتی انتخاب لڑنے کے فیصلے کی شاید واحد سب سے بڑی وجہ ہے۔ ‘نیفٹا’ معاہدے کے بعد ہمارے ملک میں مصنوعات سازی میں ہر چار روزگاروں میں سے ایک روزگار ختم ہو گیا۔ بہت سے سیاست دان ‘نیفٹا’ کو تبدیل یا اس کی جگہ نیا معاہدہ لانے کا وعدہ کرتے ہوئے آئے اور چلے گئے ۔۔۔ انہوں نے بس وعدے کیے اور اس کے بعد ہوا کچھ نہیں۔ تاہم اپنے سے پہلے آنے والے بہت سوں کے برعکس، میں اپنے وعدے پورے کرتا ہوں۔ ہم نے اپنا کام کیا۔ چھ دن قبل میں نے  ‘نیفٹا’ کی جگہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کے مابین ایک بالکل نئے معاہدے (یوایس ایم سی اے) پر دستخط کر کے اسے قانونی شکل دی ہے ۔

‘یوایس ایم سی اے’ امریکہ میں گاڑیوں کی صنعت میں قریباً ایک لاکھ نئی اور اچھے معاوضے والی ملازمتیں پیدا کرے گا اور ہمارے کسانوں، مویشی بانوں اور فیکٹریوں میں کام کرنے والوں کے لیے بڑے پیمانے پر برآمدات کو فروغ دے گا۔ یہ معاہدہ میکسیکو اور کینیڈا کے ساتھ تجارت کو بھی اعلی سطح کے درجے پر لے جائے گا اور اس کے ساتھ  ساتھ کہیں بڑے درجے کی شفافیت اور دوطرفہ برابری بھی لائے گا۔ ہمارے پاس شفافیت اور دوطرفہ برابری ہو گی۔ میں کہتا ہوں اس کی وجہ یہ ہے کہ تجارتی میدان میں کئی برسوں سے ہمارے ساتھ منصفانہ سلوک نہیں  کیا گیا۔ کئی سالوں  بعد یہ  پہلا بڑا تجارتی معاہدہ ہے جسے امریکی مزدور یونینوں کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

میں نے اپنے ہموطنوں سے یہ وعدہ بھی کیا تھا کہ میں  بڑے پیمانے پر امریکی روزگار چرانے پر چین کا سامنا کروں گا اور چین پر محصولات عائد کروں گا۔ ہماری حکمت عملی کارگر ثابت ہوئی۔ چند روز پہلے ہم  نے چین کے ساتھ  بنیادی نوعیت کا ایک ایسا نیا معاہدہ کیا ہے جو ہمارے کارکنوں کو تحفظ  فراہم کرے گا، ہماری املاکِ دانش کو محفوظ بنائے گا، اربوں ڈالر ہمارے خزانے میں لائے گا اور یہاں امریکہ میں بنائی اور اگائی جانے والی اشیا کے لیے وسیع اور نئی منڈیاں کھولے گا۔ چین نے کئی دہائیوں تک امریکہ سے ناجائز فائدہ اٹھایا۔ اب ہم نے اس صورتحال کو تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صدر شی سمیت، چین کے ساتھ ہمارے تعلقات  جتنے اچھے اب  ہیں اتنے اچھے شاید پہلے کبھی نہ تھے۔ ہم نے جو کچھ کیا ہے وہ اس کا احترام کرتے ہیں اس کی سیدھی سی وجہ یہ ہے کہ حقیقت میں وہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ سالہا سال اور دہائیوں تک وہ جو کچھ کرنے میں کامیاب ہوتے چلے آ رہے ہیں، اس پر ہمارے ملک میں کھڑا ہو کر کوئی یہ کہنے والا ہوگا: بس بہت ہو گیا۔ اب ہم اپنے ملک کی تعمیر نو چاہتے ہیں اور ہم بالکل یہی کچھ کر رہے ہیں۔ ہم اپنے ملک کی تعمیرِنو کر رہے ہیں۔

دنیا بھر میں امریکی قیادت بحال کرتے ہوئے ہم ایک بار پھر اپنے نصف کرے میں آزادی کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میری انتظامیہ نے کیوبا کے بارے میں سابق حکومت کی ناکام ہوتی پالیسیوں کو بدل دیا ہے۔ ہم کیوبا، نکاراگوا اور وینزویلا کے عوام کی بحالیِ جمہوریت کی امیدوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ امریکہ وینزویلا کے اشتراکی آمر نکولس مادورو کے خلاف 59 ممالک کے سفارتی اتحاد کی قیادت کر رہا ہے۔ مادورو ایک ناجائز حکمران اور ایسا جابر ہے جو اپنے عوام پر ظلم ڈھا رہا ہے۔ تاہم مادورو کی جبری گرفت کو توڑ کر ختم  کر دیا جائے گا۔

آج شام یہاں ایک بے حد بہادر شخص موجود ہے جو وینزویلا کے عوام کی امیدیں، خواب اور خواہشات لیے ہوئے بیٹھا  ہے۔ وینزویلا کے حقیقی اور جائز صدر خوآن گوائیڈو گیلری میں  ہمارے ساتھ موجود ہیں۔ جناب صدر برائے مہربانی یہ پیغام اپنے وطن میں پہنچائیے۔ شکریہ جناب صدر۔ آپ کا بے حد شکریہ، براہ کرم یہ پیغام اپنے ساتھ لے جائیے۔ آزادی کی نیک جدوجہد میں تمام امریکی وینزویلا کے عوام کے ساتھ متحد ہیں۔ آپ کا شکریہ، جناب صدر آپ کا بے حد شکریہ۔ آپ کا بے حد شکریہ۔ اشتراکیت قوموں کو تباہ کرتی ہے۔ مگر ہمیشہ یاد رکھیے کہ آزادی روح کو یکجا کرتی ہے۔

٭ ٭ ٭ ٭

ماحولیات کے تحفظ کے لیے کئی روز پہلے میں نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ ایک کھرب درخت لگانے کے اقدام میں شامل ہو گا۔ یہ امریکہ اور دنیا بھر میں نئے درخت لگانے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو اکٹھا کرنے کی ایک پُرعزم کوشش ہے۔

٭ ٭ ٭ ٭

میری انتظامیہ نے امریکہ کی جنوبی سرحد محفوظ  بنانے کے لیے ایک بے مثال کوشش کی ہے۔

میرے عہدہ سنبھالنے سے پہلے اگر آپ غیرقانونی طریقے سے ہماری جنوبی سرحد پر آتے تو آپ کو گرفتار کرنے بعد ملک میں رہا کر دیا جاتا اور آپ کو ہمارے ملک میں رہنے کی سیدھی سادی اجازت مل جاتی۔ میری انتظامیہ نے ‘پکڑو اور چھوڑو’ کی یہ پالیسی ختم کر دی ہے۔ اگر آپ غیرقانونی طریقے سے آتے ہیں تو آب کو فوری طور پر  ہمارے ملک سے نکالا جائے گا۔ ایک بہت اہم بات یہ ہے کہ ہم نے میکسیکو، ہنڈوراس، ایلسلویڈور اور گوئٹے مالا کی حکومتوں کے ساتھ باہمی تعاون کے تاریخی معاہدے کیے ہیں۔ ہماری بے مثل کوششوں کے نتیجے میں مئی سے اب تک غیرقانونی طور پر سرحد پار کرنے کے واقعات میں 75 فیصد کمی آئی ہے۔ مسلسل آٹھ ماہ سے کمی کا یہ رجحان جاری ہے۔ جیسے جیسے دیوار کھڑی ہوتی جا رہی ہے ویسے ویسے منشیات کی برآمدگیاں بڑھتی جا رہی ہیں اور سرحد پار کرنے والوں کی تعداد میں بہت تیزی سے کمی آتی جا رہی ہے۔  

٭ ٭ ٭ ٭

ان تاریخی کامیابیوں کو آگے بڑھانے کے لیے ہم اپنے امیگریشن کے فرسودہ اور بے ربط نظام کو تبدیل کرنے کے لیے قانون سازی پر کام کر رہے ہیں۔ نیا نظام میرٹ پر مبنی ہو گا جس میں قوانین کی پاسداری کرنے والوں، ہماری معیشت میں حصہ ڈالنے والوں، مالی اعتبار سے خودکفیل اور ہماری اقدار کی پاسداری کرنے والوں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔

٭ ٭ ٭ ٭

میری انتظامیہ قومی سلامتی کا موثر طور سے دفاع اور بنیاد پرستانہ اسلامی دہشت گردی کا مقابلہ بھی کر رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے میں نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین امن کے لیے ایک بنیادی نوعیت کے منصوبے کا اعلان کیا۔ ماضی میں اس حوالے سے تمام کوششوں کی ناکامی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہمیں خطے کو مستحکم بنانے اور لاکھوں نوجوانوں کو اپنا مستقبل بہتر بنانے کا موقع دینے کی خاطر اپنے ارادوں کو مصمم اور سوچ کو تخلیقی بنانا چاہیے۔

تین سال قبل داعش کے وحشیوں نے عراق اور شام میں 20 ہزار مربع میل علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔ آج داعش کی علاقائی خلافت کا سو فیصد خاتمہ کر دیا گیا ہے اور داعش کا بانی و رہنما ۔۔۔ البغدادی نامی خون آشام قاتل – ہلاک ہو چکا ہے!

٭ ٭ ٭ ٭

امریکی افواج کے مرد اور عورتیں اُس لامحدود محبت کا روزانہ اظہار کرتے ہیں جو انسانی دلوں میں جاگزیں ہے۔ اِن امریکی ہیروز میں سے ایسے ہی ایک ہیرو، آرمی سٹاف سارجنٹ کرسٹوفر ہیک بھی تھے۔

٭ ٭ ٭ ٭

سارجنٹ ہیک کی ہلاکت کا ذمہ دار جو دہشت گرد تھا وہ قاسم سلیمانی تھا جس نے سڑک کے کنارے پھٹنے والا وہ بم فراہم کیا جس نے کرِس کی جان لی۔ سلیمانی ایرانی حکومت کا سفاک ترین قصائی تھا، وہ ایک ایسا عفریت تھا جس نے عراق میں امریکی افواج کے ہزاروں ارکان کو ہلاک و زخمی کیا۔ دنیا میں سب سے بڑے دہشت گرد کی حیثیت سے بے شمار مردوں، عورتوں اور بچوں کی اموات کے پیچھے سلیمانی کا ہاتھ تھا۔ اسی نے دسمبر کے حملے کی ہدایات دیں اور عراق میں امریکی فورسز پر حملہ کیا۔ جب ہم نے اسے بھرپور انداز میں نشانہ بنایا تو وہ فعال انداز سے نئے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ اسی لیے گزشتہ ماہ میری ہدایت پر امریکی فوج نے انتہائی مہارت سے درست حملہ کیا جس میں سلیمانی کو ہلاک کر کے اس کی دہشت کے شیطانی دور کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دیا گیا۔

دہشت گردوں کے لیے ہمارا پیغام واضح ہے: تم، امریکی انصاف سے بچ نہیں سکتے۔ اگر تم ہمارے شہریوں پر حملہ کرو گے تو اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھو گے!

حالیہ مہینوں میں ہم نے جابر حکمرانوں کے خلاف فخر مند ایرانیوں کو آواز بلند کرتے دیکھا ہے۔ ایرانی حکومت کو ہر صورت میں جوہری ہتھیاروں کی تیاری ترک کرنا ہو گی، دہشت، موت اور تباہی پھیلانے کا عمل روکنا ہو گا اور اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے کام شروع کرنا ہو گا۔ ہماری موثر پابندیوں کے سبب ایرانی معیشت کی حالت بہت خراب  ہو چکی ہے۔ ہم مختصر وقت میں بہت اچھی معاشی بحالی میں ان کی مدد کر سکتے ہیں۔ یہ سب کچھ فوری طور پر ہو سکتا ہے مگر شاید وہ کچھ زیادہ  ہی متکبر یا زیادہ بیوقوف ہیں کہ مدد نہیں مانگ رہے۔ ہم یہاں موجود ہیں۔ دیکھیے کہ وہ کون سی راہ کا انتخاب کرتے ہیں۔ کلی طور پر اس کا انحصار ان پر ہے۔

ہم امریکی جانوں کا تحفظ کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں امریکی جنگوں کے خاتمے پر کام کر رہے ہیں۔

افغانستان میں ہمارے جنگجوؤں کے عزم اور دلیری کی بدولت ہم نے زبردست پیش رفت کی ہے اور امن مذاکرات جاری ہیں۔ مجھے افغانستان میں لاکھوں لوگوں کو ہلاک نہیں کرنا، ان میں بہت سے لوگ بالکل معصوم ہیں۔ دوسرے ممالک کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے طور پر خدمت انجام دینا بھی، ہمارا کام نہیں ہے۔ یہ جنگجو ہیں جو دنیا میں بہترین مانے جاتے ہیں یا تو وہ جیتنے کے لیے لڑتے ہیں یا سرے سے لڑتے ہی نہیں۔ ہم بالاآخر امریکہ کی طویل ترین جنگ کے خاتمے اور اپنے فوجیوں کو وطن واپس لانے کے لیے کام کر رہے ہیں!

٭ ٭ ٭ ٭

آپ کا شکریہ۔ خدا آپ پر رحمت کرے۔ خدا امریکہ پر رحمت کرے۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں