rss

انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں پر سری لنکا کے شوندرا سلوا کی ”دفتر خارجہ، بیرون ملک کارروائیوں اور متعلقہ پروگراموں کی مدبندی کے قانون” کے سیکشن 7031 (سی) کے تحت سرکاری نامزدگی

हिन्दी हिन्दी, English English

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو کا بیان

 

دفتر خارجہ نے سری لنکا کی فوج کے موجودہ کمانڈر اور قائم مقام چیف آف ڈیفنس سٹاف لیفٹیننٹ جنرل شوندرا سلوا کو ”دفتر خارجہ، بیرون ملک کارروائیوں اور متعلقہ پروگراموں کی مدبندی کے قانون” کے سیکشن 7031 (سی) کے تحت  پابندی کے لیے نامزد کیا ہے۔ یہ نامزدگی ان کی جانب سے کمان کی ذمہ داری کے دوران انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کی مصدقہ اطلاع پر عمل میں آئی ہے ۔ ان  میں 2009 میں سری لنکا کی خانہ جنگی کے آخری مرحلے میں سری لنکا کی فوج کے 58ویں ڈویژن کی جانب سے ماورائے عدالت ہلاکتوں جیسے واقعات شامل ہیں۔

سیکشن 7031 کی رو سے جہاں وزیر خارجہ کو ایسی مصدقہ اطلاع ملے کہ غیرملکی حکام انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی یا نمایاں بدعنوانی میں ملوث رہے ہیں تو ایسے افراد اور ان کے قریبی اہلخانہ امریکہ میں داخلے کے اہل نہیں رہتے۔ یہ قانون وزیر خارجہ سے یہ تقاضا بھی کرتا ہے کہ وہ ایسے حکام اور ان کے قریبی اہلخانہ کو سرکاری یا نجی طور سے نامزد کریں گے۔ شوندرا سلوا کی سرکاری طور پر نامزدگی کے علاوہ دفتر خارجہ ان کے قریبی اہلخانہ کو بھی نامزد کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کی جانب سے شوندرا سلوا کے خلاف انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کے الزامات سنگین اور معتبر ہیں۔ ان کی نامزدگی ہماری جانب سے سری لنکا اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کو دی جانے والی اہمیت، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پامالیوں کا ارتکاب کرنے والوں کا محاسبہ نہ ہونے پر ہماری تشویش اور اس کے ساتھ ایسے اقدامات میں ملوث افراد کے احتساب کو فروغ دینے کے لیے ہماری حمایت کو واضح کرتی  ہے۔ ہم سری لنکا کی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق کو فروغ دے، جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ دار افراد کا محاسبہ کرے، سکیورٹی کے شعبے میں اصلاح کے عمل میں پیشرفت کرے، اور انصاف و مفاہمت کے لیے اپنے دیگر وعدوں کی پاسداری کرے۔

ہم سری لنکا کی حکومت کے ساتھ اپنی شراکت داری اور سری لنکا کے عوام کے ساتھ اپنی دیرینہ مشترکہ جمہوری روایت کی بھرپور قدر کرتے ہیں۔ امریکہ سری لنکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور اس کی سکیورٹی فورسز کو موجودہ اور ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے  تشکیل نو میں مدد دینے کے لیے بدستور پرعزم ہے۔ سلامتی کے حوالے سے تعاون میں انسانی حقوق کے احترام کو ہماری تربیت، معاونت اور تعلقات کے ایک بنیادی جزو کے طور پر اہمیت حاصل رہے گی۔

امریکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پامالیوں سے نمٹنے کے لیے مناسب طور سے تمام دستیاب ذرائع اور اختیارات سے کام لیتا رہے گا، خواہ ان کا ارتکاب کسی بھی وقت اور کسی بھی فرد کے  ہاتھوں کیوں نہ ہوا ہو۔ آج کے اقدامات انسانی حقوق کی حمایت، ان کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کے محاسبے کے فروغ اور ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال سری لنکا کے لیے مفاہمت کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے ہمارے عزم کو واضح کرتے ہیں۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں