rss

وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو باہمت خواتین کے عالمی اعزاز 2020 کی تقریب کی میزبانی کریں گے

हिन्दी हिन्दी, English English

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو باہمت خواتین کے عالمی اعزاز 2020 کی تقریب کی میزبانی کریں گے
اطلاع برائے ذرائع ابلاغ
یکم مارچ 2020

 

وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو غیرمعمولی خواتین  کے ایک گروہ کو ‘باہمت خواتین کے لیے وزیر خارجہ کے عالمی اعزاز برائے 2020’ (آئی ڈبلیو او سی) سے نوازیں گے۔ اس موقع پر ہونے والی تقریب میں خاتون اول میلانیا ٹرمپ خطاب کریں گی۔ یہ تقریب بدھ، 4 مارچ 2020 کو صبح 10:00 بجے دفتر خارجہ  میں منعقد ہو گی۔

اس سالانہ اعزاز کا آغاز 2007 میں ہوا تھا۔ یہ اعزاز دنیا بھر میں ایسی خواتین کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اکثر بہت بڑا ذاتی خطرہ مول لیتے ہوئے اور قربانی دے کر اپنے علاقوں میں مثبت تبدیلی لانے کی غرض سے غیرمعمولی ہمت، ثابت قدمی اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہو۔ آئی ڈبلیو او سی پروگرام کے تحت امریکی دفتر خارجہ آج تک 73 ممالک سے تعلق رکھنے والی 134 خواتین کو یہ اعزاز دے چکا ہے۔ اس برس 77 ممالک سے یہ تعداد 146 تک پہنچ جائے گی۔ اعزاز پانے والی تمام خواتین  دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کھڑی ہوئیں، عورتوں  کی حالت میں بہتری لانے کے لیے کام کیا اور امن و حکومتی معاملات میں شفافیت کے فروغ میں مدد دی۔

2020 میں یہ اعزاز وصول کرنے والی خواتین کے نام اور حالات زندگی 2 مارچ کو بتائے جائیں گے۔

ذرائع ابلاغ کو اس تقریب کی روداد نشروشائع کرنے کی عام اجازت ہو گی۔ تقریب www.state.gov پر براہ راست دکھائی جائے گی۔ اس تقریب اور اعزاز یافتگان کے بارے میں تازہ ترین معلومات کے لیے ٹویٹر پر @StateDept کو فالو کیجیے اور ہیش ٹیگ #IWOC2020 اور #WomenOfCourage استعمال کیجیے۔ آئی ڈبلیو او سی تقریب کے بعد 12 اعزاز یافتہ خواتین انٹرنیشنل  وزیٹرز لیڈرشپ پروگرام (آئی وی ایل پی) میں شرکت کریں گی اور ملک بھر میں مختلف شہروں کا دورہ کر کے اپنی امریکی ساتھیوں سے ملیں گی۔ بعدازاں وہ اپنے آئی وی ایل پی پروگرام کے اختتام کے لیے لاس اینجلس میں جمع ہوں گی۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ویڈیو کیمرے پیشگی نصب کرنے کا وقت منگل، 3 مارچ کو 3:00 بجے ہو گا جو کہ 23ویں سٹریٹ کے داخلی حصے میں لگائے جائیں گے۔ لکھاریوں اور فوٹو گرافروں کے لیے تقریب تک رسائی کا حتمی وقت بدھ، 4 مارچ کو 9:00 بجے ہو گا جو 23 سٹریٹ کے داخلی راستے سے اندر آئیں گے۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندے درج ذیل میں سے کوئی ایک دستاویز دکھا کر تقریب میں شریک ہو سکتے ہیں: (1) امریکی حکومت کا جاری کردہ شناختی کارڈ (دفتر خارجہ، وائٹ ہاؤس، کانگریس، محکمہ دفاع یا غیرملکی صحافیوں کے مرکز کی جانب سے جاری کردہ)، (2) ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری کردہ تصویری شناختی کارڈ، یا (3) اپنے آجر کی جانب سے باضابطہ کاغذ پر تحریر کردہ خط، جس میں صحافی کی حیثیت سے ملازمت کی تصدیق کی گئی ہو۔ اس کے ساتھ ایک سرکاری تصویری شناختی کارڈ (ڈرائیور لائسنس اور پاسپورٹ وغیرہ) بھی درکار ہو گا۔

اس تقریب کے بارے میں مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی خواتین کے عالمگیر امور سے متعلق دفتر (SGWI [email protected]) یا دفتر برائے تعلقات عامہ ([email protected]) سے رابطہ کریں۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں