rss

آئی ایس آئی ایس کے رہنماء امیر محمد سید عبدالرحمان المولیٰ کی بطور دہشت گرد نامزدگی

हिन्दी हिन्दी, English English, العربية العربية

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
آئی ایس آئی ایس کے رہنماء امیر محمد سید عبدالرحمان المولیٰ کی بطور دہشت گرد نامزدگی
دفتر خارجہ کا بیان

 

دفتر خارجہ نے دولت اسلامیہ عراق و شام (آئی ایس آئی ایس) کے نئے رہنماء امیر محمد سید عبدالرحمان المولیٰ کو انتظامی حکم 13886 کی صورت میں ترمیم شدہ انتظامی حکم 13224 کے سیکشن 1(اے) (ii) (بی) کے تحت خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد (ایس ڈی جی ٹی) قرار دینے کے ارادے کا اعلان کیا ہے۔ المولیٰ کو حاجی عبداللہ، عبدالامیر محمد سید صلبی، اور ابو عمر الترکمانی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

آئی ایس آئی ایس کے سابق رہنماء ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کے بعد امیر محمد سید عبدالرحمان المولیٰ نے آئی ایس آئی ایس کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ المولیٰ آئی ایس آئی ایس کی پیشرو تنظیم ”القاعدہ عراق” میں سرگرم تھا اور وہ مسلسل ترقی کرتے ہوئے تنظیم کا نائب امیر بن گیا۔ المولیٰ نے اغوا، قتل اور شمال مغربی عراق میں یزیدی مذہبی اقلیت سے تعلق رکھنے والے افراد کی خریدوفروخت اور اسے مذہبی جواز فراہم کرنے میں مدد دی اور تنظیم کی عالمگیر کارروائیوں کا نگران رہا۔

اِس نامزدگی کے نتیجے میں امریکیوں کے لیے المولیٰ کے ساتھ کسی بھی طرح کے لین دین کی عمومی ممانعت ہو گی اور امریکی عملداری میں المولیٰ کے اثاثے اور مفادات ضبط کر لیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں نامزد غیرملکی دہشت گرد تنظیم اور ‘ایس ڈی جی ٹی’ قرار دی جانے والی آئی ایس آئی ایس کو مادی معاونت یا وسائل کی فراہمی، ایسی کوشش یا سازش جرم ہے۔

آج کا اعلان آئی ایس آئی ایس کو شکست دینے کی بڑے پیمانے پر جامع کوشش کا حصہ ہے جس میں آئی ایس آئی ایس کے خلاف عالمی اتحاد کے تعاون سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ ہم نے عراق اور شام میں آئی ایس آئی ایس کی نام نہاد "خلافت” کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے اور ہم اِس جنگ کو دنیا بھر میں آئی ایس آئی ایس کی شاخوں اور نیٹ ورکس تک لے جا رہے ہیں۔ مجموعی حکومتی کوشش کے ذریعے  آئی ایس آئی ایس کا اس کے محفوظ ٹھکانوں میں خاتمہ کیا جا رہا ہے، اسے غیرملکی دہشت گرد جنگجو بھرتی کرنے کی صلاحیت سے محروم کیا جا رہا ہے۔ اس کے مالی وسائل کو روکا جا رہا ہے، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر اس کے جھوٹے پروپیگنڈے کا مقابلہ کیا جا رہا ہے اور عراق و شام میں اس سے آزاد کرائے گئے علاقوں میں استحکام لانے میں مدد دی جا  رہی ہے تاکہ بے گھر لوگ اپنے گھروں کو واپس آ سکیں اور اپنی زندگیوں کی تعمیرنو شروع کر سکیں۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں