rss

رمضان کے موقع پر وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو کا پیغام

English English, العربية العربية, Français Français, 中文 (中国) 中文 (中国), हिन्दी हिन्दी, Русский Русский

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
23 اپریل 2020

 

مقدس ماہِ رمضان کے آغاز پر میں امریکی عوام کی جانب سے امریکہ اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ رمضان مشاہدہ نفس، خدمت اور دردمندی کا وقت ہے۔ امریکہ میں عام حالات میں رمضان کے موقع پر بہت سی مساجد، گھروں اور کمیونٹی کے مراکز میں تمام عقائد سے تعلق رکھنے والے دوستوں اور ہمسایوں کو مدعو کیا جاتا ہے جس سے سبھی کو ساتھ لے کر چلنے اور سخاوت کی ہماری مشترکہ امریکی اقدار کا اظہار ہوتا ہے۔  

اس برس ناگہانی طور پر کوویڈ۔19 نے دنیا بھر میں بہت سے مسلمانوں کے اجتماعات اور خوشیوں کو تبدیل کر دیا ہے۔ جو مسلمان عمرہ کی ادائیگی اور مکہ و مدینہ میں مقدس مساجد کی زیارت کی منصوبہ بندی کر رہے تھے انہیں اپنے منصوبے ملتوی کرنے  کو کہا گیا ہے تاکہ بیماری کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔ افطار کے کھانوں میں حسب روایت خاندان کے لوگوں اور دوستوں کو شریک نہیں کیا جا سکتا، ایسے میں بہت سے لوگ آن لائن پلیٹ فارم پر ایک دوسرے سے ملاقاتیں کریں گے۔

وبا نے اس مقدس مہینے کی صورت پہلے ہی تبدیل کر دی ہے، ایسے میں وبا کے پھیلاؤ میں اضافے کے ساتھ مسلمانوں سمیت مخصوص مذہبی گروہوں کے خلاف الزام تراشی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ ہم تمام حکومتوں اور برادریوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس وقت کو خدمت اور اتحاد کے لیے صرف کریں اور کوویڈ۔19 بحران روکنے کے لیے ہماری اس جدوجہد میں غیرمحفوظ اور پسماندہ لوگوں کی صحت اور سلامتی پیش نظر رکھیں۔ رمضان تمام عقائد کے لوگوں کو خدا ترسی اور مشاہدہ باطن کے لیے کوشش اور مشکل وقتوں میں تمام افراد کی حفاظت یقینی بنانے کی یاد دہانی کراتا ہے۔

عام حالات میں دنیا بھر میں ہمارے بہت سے سفارت اور قونصل خانے رمضان کی پیش کردہ امن اور دوستی کی اقدار کے تحت افطار استقبالیوں کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس برس یہ ایسے تخلیقی ذرائع سے کام لیں گے جن سے ہماری مشترکہ انسانیت اور  اندرون و بیرون ملک مذہبی آزادی اور اجتماعیت کے فروغ کے لیے ہمارے عزم کا اظہار ہوتا ہو۔ ایک مرتبہ پھر میں دنیا بھر میں مسلمانوں کو بابرکت اور پرامن رمضان کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

رمضان کریم


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں