rss

آزادی صحافت کے عالمی دن پر وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو کا پیغام

العربية العربية, English English, Français Français, Русский Русский, Español Español, Português Português, हिन्दी हिन्दी

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
2 مئی 2020

 

3 مئی کو دنیا بھر میں آزادی صحافت کے عالمی دن پر ہم معلومات اور خیالات کے آزادانہ تبادلے میں سہولت دینے کے لیے آزاد صحافت کے نمایاں کردار کو واضح کرتے ہیں۔ یہ تبادلہ آزاد، خوشحال اور محفوظ جمہوری معاشروں کے لیے لازمی اہمیت رکھتا ہے۔

اس سال جب دنیا کوویڈ۔19 کا سامنا کر رہی ہے تو یہ خاص طور پر اہم ہے کہ پیشہ ور اور شہری صحافی جو کچھ دیکھیں اور سنیں اس کی اطلاع دینے کے لیے آزاد ہوں اور اپنے خیالات کا آزادانہ اظہار کر سکیں۔ ہمارا آزاد میڈیا زندگی کے تحفظ میں مددگار معلومات کے تبادلے میں سہولت دیتا ہے، حقائق تک پہنچنے اور ان کے درست ہونے کی تصدیق کرنے پر بے شمار گھنٹے صرف کرتا ہے اور سرکاری عہدیداروں اور ماہرین دونوں سے جوابدہی کے لیے کڑے سوالات اٹھاتا  ہے۔ شفافیت معقول فیصلہ سازی اور باضابطہ جوابدہی یقینی بناتی ہے۔

آج ہمیں جو حالات درپیش ہیں ان میں تمام سرکاری عہدیداروں کو آزاد صحافت کی اپنا اہم کردار ادا کرنے کی اہلیت کے تحفظ میں مصروف ہونا چاہیے۔ مگر ہم دیکھتے ہیں کہ بعض حکومتیں جان بوجھ کر غلط معلومات پھیلا رہی ہیں، درست اور مفید اطلاعات  کو چھپانے رہی ہیں اور خدمت عامہ کے لیے آزاد صحافیوں کی اہلیت کو سختی سے محدود کرنے میں لگی ہیں۔ صحافیوں کو ان کی رپورٹنگ پر گرفتار کیا گیا ، خبریں اور ویب سائٹس بلاک کی گئی ہیں کیونکہ رپورٹروں نے کوویڈ۔19 وبا کے خلاف سرکاری اقدامات پر سوالات اٹھانے اور انہیں تنقید کا نشانہ بنانے کی ہمت کی تھی۔ ذمہ داری سے پہلو تہی کے خواہاں حکام نے صحافیوں کی نقل و حرکت کی آزادی کو محدود کیا اور حکومت کے لیے اہم سمجھی جانے والی معلومات سے متعلق رپورٹنگ کو دبانے کے لیے مجرمانہ سزاؤں کی دھمکیاں دیں۔ ہم ایسی سنسرشپ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ہم غیرجانبدار صحافت کی جرات اور لگن کو سراہتے ہیں۔ اس کا کام مسائل سے بھرپور ہے مگر اس سے ہم سبھی کو فائدہ پہنچتا ہے۔ بہت سے صحافی اپنی زندگی اور آزادی کو خطرے میں ڈال کر کام کرتے ہیں۔ یہ ناصرف جنگوں، آفات اور وباؤں سے بری طرح متاثرہ علاقوں میں جاتے ہیں بلکہ ایسی جگہوں سے بھی ہمیں اطلاعات بہم پہنچاتے ہیں جہاں انہیں ناجائز حراست یا تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔ ہم تمام حکومتوں سے کہتے ہیں کہ وہ اپنے کام کی بنا پر جیلوں میں بند صحافیوں کو رہا کریں اور ان لوگوں کا احتساب ممکن بنائیں جنہوں نے ان کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ ہم ان تمام حکومتوں کی ستائش کرتے ہیں جو آزادی صحافت اور صحافیوں کے تحفظ کو فروغ دے کر اپنے شہریوں کا احترام کرتی ہیں۔ ہم سول سوسائٹی کے ان اداروں کو سراہتے ہیں جو صحافیوں کی حمایت میں انتھک کام کرتے ہیں اور ہم نجی شعبے میں ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جو آزاد میڈیا کے استحکام میں اضافے کے لیے فیاضانہ مدد مہیا کرتے ہیں۔ آخر میں ہم دوسروں سے کہتے ہیں کہ وہ ان کے نمونے کی پیروی کریں۔


اصل مواد دیکھیں: https://www.state.gov/world-press-freedom-day-4/
یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں