rss

کووویڈ۔19 کے خلاف اقدامات میں انسانی امداد سے متعلق امریکہ کے قائدانہ کردار کا تسلسل

Español Español, English English, Português Português, Français Français, العربية العربية, Русский Русский, हिन्दी हिन्दी

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
کووویڈ۔19 کے خلاف اقدامات میں انسانی امداد سے متعلق امریکہ کے قائدانہ کردار کا تسلسل
وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو کا بیان

 

امریکہ عالمی سطح پر بیرون ملک انسانی امداد کے حوالے سے مسلمہ طور پر قائدانہ حیثیت کا حامل رہا ہے اور ہے، نیز کوویڈ۔19 کی وبا کے خلاف اقدامات میں ہمارا رہنما کردار اس فیاضی کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ آج ہم نئی انسانی امداد کے طور پر قریباً 93 ملین ڈالر فراہم کر رہے ہیں جس کا مقصد اس وبا کے خلاف جاری ہماری کوششوں میں اضافہ اور دنیا کے انتہائی کمزور لوگوں کو اس مہلک وائرس سے لاحق تباہی پر قابو پانے میں مدد دینا ہے۔ اس نئی امداد سے دنیا بھر میں بشمول ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے لوگوں کی مدد ہو گی۔

آج اعلان کردہ 93 ملین ڈالر میں 75 ملین ڈالر سے زیادہ رقم آفات میں مدد کے عالمگیر اکاؤنٹ سے جاری کی گئی ہے جس سے صحت کے حوالے سے ہنگامی صورتحال، پانی، نکاسی آب اور صحت و صفائی، انتظام وانصرام اور تحفظ صحت کے پروگراموں سمیت وبا کے ثانوی اثرات سے نمٹنے کے لیے خوراک کی فراہمی معاونت پر خرچ ہو گی۔ علاوہ ازیں مہاجرت اور پناہ گزینوں کی امداد کے اکاؤنٹ سے قریباً 18 ملین ڈالر جاری کیے گئے ہیں جن کی بدولت پناہ گزینوں، خطرے کی زد پر موجود مہاجرین اور ان کی میزبان آبادیوں کے لیے پانی، نکاسی آب اور صحت و صفائی کی سہولیات کی فراہمی، حصول روزگار میں مدد، نفسیاتی خدمات، تحفظ خوراک اور صحت کی خدمات و معلومات تک رسائی کے لیے ہمارے عالمی اور غیرسرکاری شراکت دار اداروں کی اہلیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ مزید برآں اس امداد سے ان آبادیوں میں خدمات انجام دینے والے امدادی کارکنوں کی صحت کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔

یہ نئی مالی معاونت  امریکی حکومت کے اداروں اور محکمہ جات کی جانب سے مختص کردہ 12 بلین ڈالر سے زیادہ امداد کا حصہ ہے جس کا مقصد وبا کے خلاف عالمگیر اقدامات بشمول ویکسین اور علاج کے ضمن میں پیش رفت، بیماری سے مقابلے کی تیاری سے متعلق کوششیں اور انسانی امداد ممکن بنانا ہے۔ آج اس اعلان سے کوویڈ۔19 کے خلاف صحت، انسانی امداد اور معاشی معاونت کے سلسلے میں دفتر خارجہ اور یوایس ایڈ کے اقدامات کا حجم ہی 1.3 بلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ اس میں بیشتر امداد پہلے ہی فراہم کی جا چکی ہے جس کی بدولت دنیا بھر میں زندگیاں بچانے کے پروگراموں اور اس وبا کے ثانوی اثرات کو محددو کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ امریکہ کے عوام کی فیاضی بدستور بے مثل ہے اور اس وبا میں امریکہ کے ٹیکس دہندگان کی فراہم کردہ امداد کا بھر پور اثر ہو رہا ہے۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں