rss

انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں میں ملوث روسی شہری رمضان کاڈیروو کی سرکاری سطح پر پابندیوں کے لیے نامزدگی

العربية العربية, English English, हिन्दी हिन्दी, Русский Русский

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں میں ملوث روسی شہری رمضان کاڈیروو کی سرکاری سطح پر پابندیوں کے لیے نامزدگی
وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو کا بیان
20 جولائی 2020

 

آج دفتر خارجہ روس کی چیچن ریپبلک کے سربراہ رمضان کاڈیروو کو دفتر خارجہ، بیرون ملک کارروائیوں اور متعلقہ پروگراموں کے حوالے سے مدبندی کے قانون 2020 کے سیکشن 7031 (سی) کے تحت سرکاری طور پر پابندیوں کے لیے نامزد کر رہا ہے۔ یہ نامزدگی کاڈیروو کے چیچن ریپبلک میں انسانی حقوق  کی کھلی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے پر عمل میں آئی ہے۔ دفتر خارجہ کے پاس جامع مصدقہ معلومات موجود ہیں کہ کاڈیروو ایک دہائی سے زیادہ عرصہ سے انسانی حقوق کی بہت سی کھلی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ہے جن میں تشدد اور ماورائے عدالت ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔

آج اٹھائے گئے اس اقدام کا اطلاق کاڈیروو کی اہلیہ میڈنی کاڈیروو اور اس کی بیٹیوں عائشہ کاڈیرووا اور کارینا (معروف بہ خدیجہ) کاڈیرووا پر بھی ہوتا ہے۔ ہم اپنے ہم خیال ممالک سے کہیں گے وہ بھی ایسے ہی اقدامات اٹھائیں۔

امریکہ نے اپنے بہت سے دیگر ہم خیال ممالک کے ساتھ مل کر کاڈیروو کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق اطلاعات پر سرکاری  اور نجی سطح پر تواتر کے ساتھ اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ ہم کاڈیروو اور اس کے بہت سے ساتھیوں کے خلاف اپنے متعدد اختیارات کے تحت پہلے ہی معاشی پابندیاں نافذ کر چکے ہیں۔ 2018 میں امریکہ اور پندرہ دیگر ممالک نے ‘ایل جی بی ٹی آئئ’ افراد، انسانی حقوق کے محافظوں، آزاد میڈیا کے ارکان اور کاڈیروو کی اطاعت نہ کرنے والے دیگر شہریوں کے خلاف بدسلوکیوں کی ہولناک اطلاعات سے متعلق حقائق جاننے کے لیے ‘او ایس سی ای ماسکو طریق کار’ سے رجوع کرنے کا غیرمعمولی قدم اٹھایا تھا ۔ ‘ماسکو طریقہ کار’ کے رپورٹروں نے اطلاع دی تھی  کہ چیچن ریپبلک میں لوگوں کو ہراساں کیا جانااور ان کے خلاف مظالم، ناجائز یا غیرقانونی حراستیں یا گرفتاریاں، تشدد، جبر گمشدگیاں اور ماورائے عدالت سزائے موت جیسے اقدامات ہوئے ہیں اور ایسے واقعات پر کوئی پوچھ گچھ بھی نہیں ہوتی۔ ہمیں خدشہ ہے کہ  کاڈیروو چیچن ریپبلک کے عوام کے انسانی حقوق کی مزید پامالیوں کے لیے کورونا وائرس کی وباء کو بہانے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

آج اٹھائے  گئے اس اقدام کا مقصد کاڈیروو کو مطلع کرنا ہے کہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں پر ناصرف خود اسے بلکہ اس کے اہلخانہ کو بھی نتائج بھگتنا ہوں گے اور امریکہ ایسے گھناؤنے طرزعمل میں ملوث لوگوں کا احتساب یقینی بنانے کے لیے ہرممکن ذرائع سے کام لینے کا عہد کیے ہوئے ہے۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں