rss

جمہوریت کے عالمی دن پر وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو کا بیان

Português Português, English English, Español Español, Français Français, Русский Русский

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
جمہوریت کے عالمی دن پر وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو کا بیان
14 ستمبر 2009

15 ستمبر کو جمہوریت کا عالمی دن مناتے ہوئے ہم ہر شہری کے جمہوری خود اختیاری کے عمل میں حصہ لینے کے حق کی توثیق نو کرتے ہیں۔ جمہوریتیں اپنے شہریوں کو جواب دہ ہیں۔ وہ قانون کی حکمرانی کا احترام ، زندگیوں اور جائیداد کو تحفظ، اور ہر فرد کی آزادیوں، وقار اور مساوات کا احترام کرتی ہیں۔

جمہوریت بدستور دنیا بھر کے لوگوں کی آرزو ہے کیونکہ ہم میں ہر ایک آزادی کا خواہش مند ہے۔ بچپن ہی سے ہم جبلی طور پر اپنی خوداختیاری کی اہلیت جتاتے ہیں تاکہ ایسے فیصلے کر سکیں جن کی بدولت ہماری زندگیاں ہماری خواہش کے مطابق تشکیل پاسکیں۔ شہریوں کی حیثیت سے ہم یہ بات سمجھتے ہیں کہ ہمیں دوسروں کو اُن رہنماؤں کے فیصلوں کی دانائی پر مباحث میں شامل کرنا ہے جن پر ہم اقتدار کے لیے اعتماد کرتے ہیں تاکہ ہماری زندگیوں، جائیداد ،اور  آزادیوں کا تحفظ ہو سکے۔ بحیثیت انسان ہم جانتے ہیں کہ ہمارے لیے اکیلے یہ کام کرنا ممکن نہیں۔ جمہوریتیں افراد کی جامع برادریاں ہوتی ہیں جو آزادانہ طور سے منتخب کردہ اپنے اہداف کی تکمیل کے لیے اکٹھے کام کرنے کے لیے آزاد ہوتے ہیں اور وہ پھلتے پھولتے ہیں کیونکہ آزادی سبھی کی صلاحیت اور تخلیقی قوت کو سامنے لے آتی ہے۔

آج دنیا کو صحت کے شعبے میں جدید ادوار کے ایک بہت بڑے بحران کا سامنا ہے۔ جمہوریتوں، آمرانہ حکومتوں اور آمریتوں کو کرونا وائرس کی وبا سے ایک جیسا ہی خطرہ لاحق ہے مگرجمہوریتیں اس موضوع پر کھلے بحث مباحثے کے لیے آزاد ہیں کہ اس کا توڑ کیا ہونا چاہیے۔ مگر کسی بھی آمریت میں یہ صورتحال نہیں ہوتی۔ ان کی پہلی ترجیح صحت عامہ نہیں بلکہ اپنے اقتدار کا تحفظ ہوتا ہے۔ وہ سخت سوالات کا جواب دینے سے انکار کرتی ہیں۔ وہ غلط معلومات پھیلاتی ہیں، مسائل کی ذمہ داری کمزور معاشرتی گروہوں پر عائد کرتی ہیں، وسیع پیمانے پر نگرانی میں اضافہ  کرتی ہیں اور قانون کی حکمرانی کو معطل رکھتی ہیں۔ جب رہنما صرف اپنی ذات کو یا اپنے زیرتصرف سیاسی جماعتوں کو جواب دہ ہوں تو لوگوں کو مصائب کا سامنا رہتا ہے۔

اس سے برعکس مشکل حالات میں جمہوریتیں پھلتی پھولتی ہیں۔ اظہار کی آزادی اور قانون کے سامنے تمام لوگوں کو مساوی حقوق حاصل ہونے کے باعث جمہوری معاشروں کے شہری صحت عامہ کو لاحق مسائل سے مل کر نمٹنے کے اہل ہوتے ہیں۔ جمہوری ممالک میں لوگ معلومات تک رسائی کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ وہ خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھ سکیں۔ جن معاشروں میں قانون کی رو سے تمام شہری برابر ہوتےہیں وہاں سماجی عمل میں تمام لوگوں کی مکمل شرکت اور تحفظ کو فروغ دینے کے ٹھوس اقدامات اٹھا کر ایسا ممکن بنایا جاتا ہے۔

جمہوری حکومت کسی طور مکمل نہیں ہوتی مگر یقینی طور پر یہ اپنے ہر متبادل سے بہتر ہے۔ جمہوری معاشرے انسانی حقوق کا احترام کرتے ہیں دوسروں سے زیادہ پرامن، خوشحال اور محفوظ ہوتے ہیں۔ ہم دنیا بھر میں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو جمہوری حکومتوں میں آزادانہ انداز میں، حفاظت سے اور وقار کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں